جمعرات, دسمبر 19, 2024
اشتہار

حارث رؤف، گلین میکسویل کے لیے ڈراؤنا خواب بن گئے

اشتہار

حیرت انگیز

پاکستان کے فاسٹ بولر حارث رؤف آسٹریلین آل راؤنڈر گلین میکسویل کے لیے ڈراؤنا خواب بن گئے اور سیریز میں تینوں بار ان ہی کی وکٹ بنے۔

گلین میکسویل کا شمار موجودہ کرکٹ میں دنیا کے بہترین آل راؤنڈرز میں ہوتا ہے۔ انہوں نے آسٹریلیا کو کئی بار تن تنہا میچز جتوائے اور گزشتہ سال ون ڈے ورلڈ کپ میں چھٹی بار چیمپئن بننے کے پیچھے بھی ان کی آل راؤنڈ پرفارمنس شامل تھی۔

تاہم پاکستان کے خلاف تین ون ڈے میچوں پر مشتمل سیریز گلین میکسویل کے کیریئر کی سب سے خراب سیریز ثابت ہوئی جس میں وہ نہ صرف ہر فیلڈ میں ناکام رہے بلکہ حارث رؤف ان کے لیے ڈراؤنا خواب بن گئے۔

- Advertisement -

آسٹریلوی آل راؤنڈر جنہوں نے تین میچز کی تین اننگز میں صرف 16 رنز ہی بنائے انہیں تینوں بار حارث رؤف نے آؤٹ کیا اور دو بار تو رنز کا کھاتہ کھولنے کا موقع ہی نہ دیا۔

جارح مزاج بلے باز نے حارث رؤٖ کی نو گیندوں کا سامنا کیا۔ میلبرن میں کھیلے گئے پہلے میچ میں وہ بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ محمد رضوان نے وکٹوں کے عقب میں ان کا کیچ لیا۔

ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں وہ 16 رنز تک ہی پہنچے تھے کہ حارث رؤف کے آتے ہی ایسے اوسان خطا ہوئے کہ اسی اسکور پر وہ چلتے بنے۔

اس میچ میں انہوں نے اپنے کیریئر میں دوسری بار ون ڈے میچ میں پانچ وکٹیں لینے کا اعزاز بھی اپنے نام کیا تھاْ

آج پرتھ میں فیصلہ کن میچ بھی وہ صرف دو گیندیں کھیل کر صفر پر حارث رؤف کی وکٹ بنے۔

واضح رہے کہ حارث رؤف تین میچوں میں 10 وکٹیں لے کر سیریز کے سب سے کامیاب  اور سیریز کے بہترین بولر قرار پائے ہیں۔

پاکستان نے 22 سال بعد آسٹریلوی قلعہ فتح کر لیا، ون ڈے سیریز جیت لی

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں