آسٹریلیا اس وقت ون ڈے ورلڈ کپ کا عالمی چیمپئن ہے اور محمد رضوان پاکستان کی تاریخ کے دوسرے کپتان ہیں جنہوں نے ورلڈ چیمپئن کو ان ہی گھر میں زیر کیا۔
محمد رضوان کی قیادت میں پاکستان ٹیم نے آسٹریلیا کو اس کی سر زمین پر دو، ایک سے ون ڈے سیریز میں شکست دے دی۔ یہ 22 سال بعد پاکستان کی آسٹریلوی سر زمین پر ون ڈے سیریز میں فتح ہے۔
View this post on Instagram
2002 میں جب وقار یونس کی قیادت میں گرین شرٹس نے آسٹریلیا کو اسی کے گھر میں مات دی تھی تب بھی آسٹریلیا ون ڈے کا عالمی چیمپئن تھا اور آج جب کینگروز کو شاہینوں نے ہرایا ہے، تب بھی آسٹریلیا ورلڈ چیمپئن ہے۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان یہ کینگروز کے دیس میں پانچویں ون ڈے سیریز تھی۔ تین سیریز میں میزبان جب کہ دو سیریز میں مہمان ٹیم فاتح رہی۔
2002 کے بعد 2010 میں پاکستان ٹیم نے محمد یوسف کی قیادت میں آسٹریلیا کا دورہ کیا۔ لگاتار چار میچز میں ناکامی کے بعد آخری میچ میں شاہد آفریدی نے قیادت کی لیکن نتیجہ نہ بدل سکا اور گرین شرٹس وائٹ واش ہوئی۔
رواں سیریز سے قبل آخری بار قومی ٹیم نے 2017 میں اظہر علی کی کپتانی میں آسٹریلیا میں قدم رکھے، لیکن ان کے زخمی ہو جانے کے باعث محمد حفیظ نے یہ ذمے داری نبھائی۔ پہلا میچ جیتے اور اگلے تینوں میچ ہار کر سیریز ایک، صفر سے گنوائی۔