گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے اسموگ کی بگڑتی صورتحال کے پیش نظر صوبے بھر میں ایمرجنسی نافذ کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطبق گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں اسموگ قابو سے باہر ہوچکی ہے اور لوگوں کی بڑی تعداد بیماریوں میں مبتلا ہوکر اسپتالوں میں پہنچ رہی ہے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ اسکول، کالجز اور تفریحی مقامات بند کرنے کے مثبت نتائج نہ مل سکے جب کہ مارکیٹوں کو رات 8 بجے بند کرنے کے احکامات کو تاجر تسلیم نہیں کر رہے۔
انہوں نے کہا کہ لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آلودگی بڑھتی جا رہی ہے۔ یہ صورتحال اس بات کی متقاضی ہے کہ اسموگ کی روک تھام کے لیے عارضی طور پر پنجاب بھر میں ایمرجنسی نافذ کی جائے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ اسموگ انسانی صحت کے لیے بڑا مسئلہ ہے۔ اس پر مستقل طور پر قابون پانے کے لیے مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی اور متعلقہ تمام اداروں کو ایک پیج پر آنا ہوگا۔
واضح رہے کہ گزشتہ کئی روز سے پنجاب میں اسموگ کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہوچکی ہے۔ اس دوران لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں ایئر کوالٹی انڈیکس ایک ہزار سے زائد پر تجاوز کر چکا ہے جو انسانی صحت کے لیے انتہائی خطرناک ہے۔
پنجاب حکومت نے اس کے تدارک کے لیے کئی اقدامات کیے جن میں اسکولوں اور تفریحی مقامات بند، ہوٹلز اور شادی ہالز رات 8 اور 10 بجے بند کرنے، جنریٹر چلانے پر پابندی عائد کرنے سمیت کئی اقدامات شامل ہیں تاہم صورتحال پر اب تک قابو نہیں پایا جا سکا ہے۔
اسموگ: شاپنگ مالز اور کمرشل پلازوں کو ایئر پیوریفائر لگانے کی ہدایت جاری