لندن: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ میرے گلے کا ٹریٹمنٹ چل رہا ہے اللہ کا شکر ہے ٹھیک ہوں۔
جینیوا سے لندن واپسی پر سابق وزیر اعظم نواز شریف کے ہمراہ صحافیوں سے گفتگو میں مریم نواز نے کہا کہ پاکستان کو استحکام چاہیے ملک مشکلات سے نکلتا دکھائی دے رہا ہے۔
مریم نواز نت کہا کہ معیشت بہتر ہو رہی ہے پاکستان سے اچھی خبریں آ رہی ہے، پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے 96 ہزار پوائنٹس کی حد عبور کر لی، نواز شریف کی سابقہ حکومت کے بعد پہلی بار مہنگائی میں کمی ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 7 سال بعد مہنگائی نیچے کی طرف آ رہی ہے، پنجاب میں بہت پوٹینشل ہے ہمیں محنت کرنے والے مخلص لوگ چاہئیں، ایئر پنجاب سروس کے بارے میں سوچ بچار جاری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں اسموگ کا مسئلہ راتوں رات حل نہیں ہو سکتا، اسموگ کا مسئلہ چند سال میں حل کر دیں گے۔
دوسری جانب، نواز شریف نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان تمام ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتا ہے، پاکستان کے امریکا اور ہمسائیوں کے ساتھ بھی تعلقات اچھے ہونے چاہئیں۔
نواز شریف نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کیلیے بھارتی ٹیم کو پاکستان ضرور آنا چاہیے تھا، بھارت کے ساتھ معاملات بہتر بنانے کی ضرورت ہے، امید ہے جلد بھارت کی ٹیم پاکستان آ کر کھیلے گی۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کی معیشت میں بہتری آنا شروع ہوگئی ہے، وزیر اعظم شہباز شریف نے معیشت کی بہتری کیلیے بے پناہ اقدامات کیے۔
پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پورا ملک دیکھنا چاہتا ہے ڈیڑھ ارب درخت اور 50 ہزارنو کریاں کہاں ہیں؟ افسوس ایک پارٹی نے بدتمیزی کے کلچر کی بنیاد رکھی، گاڑیوں کے پیچھے بھاگنا اور تعاقب کرنا افسوس ناک ہے۔