بھارت کا تعصب جاری ہے اور حکومت نے تاحال بلائنڈ ٹیم کو ورلڈ کپ کھیلنے کے لیے پاکستان جانے کی اجازت نہیں دی ہے۔
بھارت نے آئندہ سال پاکستان میں شیڈول آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے اپنی ٹیم کو پاکستان بھیجنے سے صاف انکار کر دیا ہے تو دوسری جانب اب رواں ماہ پاکستان میں ہونے والے بلائنڈ ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے میں بھی رخنہ اندازی شروع کر دی ہے۔
انڈین میڈیا کے مطابق بھارتی وزارت کھیل نے رواں ماہ 23 نومبر سے پاکستان میں ہونے والے بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے اپنی ٹیم کو بھیجنے کی این او سی جاری کر دی ہے۔ تاہم وزارت خارجہ اور وزارت داخلہ کی جانب سے اس معاملے پر تاحال خاموشی ہے۔
سیکریٹری انڈین بلائنڈ کرکٹ ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ وزارت کھیل نے ٹیم کو پاکستان بھیجنے کے لیے این او سی دے دی ہے۔ ہم دو ہفتے سے حکومتی کلیئرنس کا انتظار کر رہے ہیں۔ حکومت جو فیصلہ کرے گی وہ ہمیں منظور ہوگا۔
دوسری جانب پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین سید سلطان شاہ نے واضح کہا ہے کہ بھارتی ٹیم آئے یا نہ آئے بلائنڈ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی میزبانی پاکستان ہی کرے گا اور یہ ٹورنامنٹ بھارت کے بغیر بھی ہو سکتا ہے۔
واضح رہے کہ بلائنڈ ٹی 20 ورلڈ کپ 23 نومبر سے 3 دسمبر تک پاکستان میں شیڈول ہے۔