بھارت کے پاکستان آنے سے انکار کے بعد چیمپئنز ٹرافی پر ڈیڈ لاک ہے اور براڈ کاسٹرز نے آئی سی سی پر ٹورنامنٹ کے شیڈول کے جلد اعلان کے لیے دباؤ ڈالنا شروع کر دیا ہے۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 19 فروری سے 9 مارچ 2025 تک پاکستان میں شیڈول ہے اور پاکستان میزبان ہونے کے ساتھ ٹورنامنٹ کا دفاعی چیمپئن بھی ہے۔
میگا ایونٹ کے انعقاد کو 100 سے بھی کم دن باقی رہ گئے ہیں۔ آئی سی سی نے 11 نومبر کو 100 دن کے حوالے سے تقریب رکھی تھی جس میں شیڈول کا اعلان کیا جانا تھا۔ تاہم بھارتی ہٹ دھرمی اور پاکستان ٹیم بھیجنے سے انکار کے بعد تقریب موخر اور چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول کا اعلان نہیں ہوسکا ہے۔
پاکستان نے آئی سی سی کو خط لکھ ٹورنامنٹ کے لیے ہائبرڈ ماڈل یکسر مسترد کردیا ہے اور بھارت کے نہ آنے کی وضاحت طلب کی ہے، جس کی وجہ سے ڈیڈ لاک پیدا ہوچکا ہے اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سخت دباؤ میں ہے۔
ایسے میں ایونٹ کے براڈ کاسٹرز نے بھی آئی سی سی پر دباؤ ڈالنا شروع کردیا ہے اور ذرائع نے بتایا ہے کہ انہوں نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے چیمپئنز ٹرافی کا شیڈول فوری جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ براڈ کاسٹرز کا سال 2027 تک آئی سی سی سے 3 ارب ڈالرز کے نشریاتی حقوق کا معاہدہ ہے اور براڈ کاسٹرز کی توجہ کا مرکز پاک بھارت میچز ہیں کیونکہ ان کی بڑی آمدنی ان ہی میچز سے ہوتی ہے۔
آئی سی سی نے یقین دلایا تھا کہ اس سرکل میں پاک بھارت میچز لازمی ہوں گے۔ تاہم بھارتی ٹیم کے پاکستان آنے سے انکار اور پاکستان کی جانب سے آئندہ بھارت سے میچز نہ کھیلنے کے اعلان کے بعد ایسا ہوتا دکھائی نہیں دیتا جس سے براڈ کاسٹرز کی آمدنی پر گہرا اثر پڑ سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت کا انکار، پاکستان کا سخت موقف، آئی سی سی مشکل کا شکار؟
ذرائع کے مطابق چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول کے اعلان میں تاخیر سے براڈ کاسٹرز کا بڑا نقصان ہو رہا ہے اور اسی لیے براڈ کاسٹرز نے آئی سی سی سے ایونٹ کے شیڈول کے فوری اعلان کا مطالبہ دہرایا ہے۔
چیمپئنز ٹرافی: آئی سی سی کو قانونی چارہ جوئی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے اگر۔۔۔۔؟