اتوار, جنوری 5, 2025
اشتہار

آن لائن ڈرائیونگ لائسنس، وقت کی بچت اور آسانی کی طرف پہلا قدم

اشتہار

حیرت انگیز

موجودہ صدی بلاشبہ انٹرنیٹ کی صدی ہے جس نے دنیا بھر میں انسانوں کی رسائی کو فقط انگوٹھے کے اشارے کے ذریعے ایک کونے سے دوسرے کونے تک ممکن بنایا ہے بلکہ روزمرہ کی ضروریات زندگی کو بھی گھر کی دہلیز تک محض موبائل فون کے ذریعے حاصل کرنے میں بھی بنیادی کردار ادا کیا ہے۔

کہاوت ہے کہ آپ کے پاس سب سے قیمتی شے سرمایہ یا طاقت نہیں بلکہ وقت ہوتا ہے کیونکہ اکثر ایسا ہوتا دیکھا گیا ہے کہ دولت یا طاقت ہونے کے باوجود وقت پر فیصلہ نہ کرنا آپ کو کمزور بنادیتا ہے۔ ڈیجیٹلائزیشن کے اس دور نے جہاں بے جا افرادی قوت کے تصور کو کم سے کم کیا ہے وہیں وقت کو بھی سکیڑ کر رکھ دیا ہے۔اس برق رفتار زندگی میں وقت اور سہولت کی اہمیت روز بروز بڑھتی جا رہی ہے۔ شہری اب ضروریات و سہولیات زندگی کا انحصار ڈیجیٹل سہولیات سے پورا کررہے ہیں۔

ٹیکنالوجی کے استعمال کو مدنظر رکھتے ہوئے سندھ پولیس نے بھی شہریوں کو جدید دور کے تقاضوں کےعین مطابق سہولتیں فراہم کرنے کا عزم کر رکھا ہے،جس کی واضح مثال 28 ستمبر 2024 کو کلفٹن ڈرائیونگ لائسنس برانچ میں منعقدہ ایک سادہ و پروقار تقریب میں شہریوں کو گھر بیٹھے آن لائن ڈرائیونگ لائسنس کی سہولت کا آغاز ہے۔

- Advertisement -

اس تقریب میں صوبائی وزیر داخلہ ضیا الحسن لنجار، آئی جی سندھ غلام نبی میمن،ایڈشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو، ڈی آئی جی ٹریفک لائسنس اینڈ ٹریننگ سندھ اقبال دارا اور دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی جو اس امر کا عکاس ہے کہ یہ اقدام حکومت کی جانب سے شہری سہولتوں کے نظام کو مزید مستحکم بنانے کی سنجیدہ کوششوں کا حصہ ہے۔

سندھ میں ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کا روایتی طریقہ کار اکثر شہریوں کے لیے وقت اور مشقت طلب رہا ہے۔ شہریوں کو متعدد دستاویزی کارروائیوں اور لمبی قطاروں سے گزرنا پڑتا تھا بالخصوص کراچی جیسے مصروف شہر میں روزگار کے اوقات کے دوران وقت نکالنا انتہائی مشکل مرحلہ ہوتا ہے۔ آن لائن ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء سے یہ عمل نہایت آسان ہوگیا ہے۔ اور اس کار ہائے نمایاں کا سہرا سندھ پولیس کے سربراہ آئی جی سندھ غلام نبی میمن اور ڈی آئی جی ٹریفک لائسنس اینڈ ٹریننگ سندھ اقبال دارا کو جاتا ہے۔

آئی جی سندھ کے وژن کے مطابق ڈی آئی جی ڈرائیونگ لائسنس نے آن لائن سہولت کو ممکن بنایا ہے۔ اب شہری گھر بیٹھے ہی اپنے موبائل فون یا لیپ ٹاپ کے ذریعے "لرنر ڈرائیونگ لائسنس "حاصل کرسکتے ہیں جبکہ بین الاقوامی لائسنس پرمٹ کی تجدید بھی آسانی سے کروائی جاسکتی ہے۔

چار نومبر سے ڈی آئی جی ٹریفک لائسنس اینڈ ٹریننگ سندھ اقبال دارا نے سندھ حکومت کے وژن اور آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی ہدایات پر عوام الناس کے لیےآن لائن نان کمرشل مستقل لائسنس کی تجدید کا آغاز بھی کر دیا ہے ۔جس میں شہری صوبہ سندھ کا جاری کردہ مستقل ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کا عمل گھر بیٹھے کر سکتے ہیں۔

اس سہولت سے ناصرف شہریوں کے قیمتی وقت کی بچت ہوگی بلکہ نظام میں شفافیت اور بدعنوانی کے خاتمے کی راہ بھی ہموار ہوگی۔

سندھ پولیس نے شہریوں کی سہولت کے لیے موبائل ایپلیکیشن اور ویب سائٹ متعارف کروائی ہیں۔ جس میں اب تک 54ہزار سے زائد لوگ خود کو رجسٹرڈ کر چکے ہیں ۔اب کوئی بھی بالغ اور اہل شہری اپنے موبائل فون پر ایپل اسٹور یا پلے اسٹور سے سندھ پولیس کی "DLS” نامی موبائل ایپلیکیشن بآسانی ڈاؤن لوڈ کرسکتا ہے یا اپنے لیپ ٹاپ پر کسی بھی سرچ انجن کے ذریعے https://dlsonline.sindhpolice.gov.pk ویب سائٹ پر جا سکتا ہے۔

ایپلیکیشن کو استعمال کرنا نہایت آسان اور صارف دوست بنایا گیا ہے تاکہ کوئی بھی بالغ اور اہل امیدوار باآسانی اس کو سمجھ سکے اور اپنی درخواست مکمل کر سکے۔ایپلیکیشن ڈاؤن لوڈ کرنے کے بعد، درخواست گزار کو مختلف سہولتوں کے آپشنز مل جائیں گے۔ مطلوبہ آپشن منتخب کرنے کے بعد، درخواست گزار کو اپنے مکمل کوائف درج کرنا ہوں گے۔کوائف درج کرنے کے بعد سرکاری فیس آن لائن منی ٹرانسفر کے ذریعے ادا کی جا سکتی ہے۔ فیس کی ادائیگی کے بعد ایک رسید اور تربیتی لائسنس اسکرین پر ظاہر ہوجائے گا،جسے محفوظ یا پرنٹ بھی کیا جاسکتا ہے۔

تربیتی لائسنس کی مقررہ مدت گزرنے کے بعد، امیدوار مستقل ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کا اہل ہو جائے گا۔ ڈرائیونگ لائسنس برانچز میں شہریوں کا ایک بڑا حصہ لرنر ڈرائیورز پر مشتمل ہوتا ہے، جو صرف ابتدائی مرحلے میں رجسٹریشن کے لیے برانچز کا رخ کرتے ہیں۔ آن لائن رجسٹریشن کی سہولت کے بعد اب یہ افراد گھر بیٹھے ہی لرنر ڈرائیونگ لائسنس کے لیے درخواست دے سکتے ہیں اور مقررہ مدت کے بعد ٹیسٹ دے کر مستقل لائسنس حاصل کر سکتے ہیں۔

اس عمل سے شہریوں کے وقت اور محنت کی بچت ہوگی، اور برانچز پر بھی بوجھ کم ہوگا۔دنیا بھر میں پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد ڈرائیونگ کے ذریعے اپنی روزی کماتی ہے۔ پہلےانہیں ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کے لیے پاکستان آنا پڑتا تھا،جس میں وقت اور پیسہ دونوں کا ضیاع ہوتا تھا۔ آن لائن ڈرائیونگ لائسنس کی سہولت سے اب بیرون ملک مقیم پاکستانی آسانی سے اپنے لائسنس کی تجدید کر سکتے ہیں، اور تجدید شدہ لائسنس ان کے رہائشی پتے پر کوریئر کے ذریعے پہنچا دیا جاتا ہے۔ یہ سہولت ناصرف وقت کی بچت کرے گی بلکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے روزگار کے تسلسل کو بھی یقینی بنائے گی۔

اگر ہم ڈرائیونگ لائسنس کے اعداد و شمار پر نظر ڈالیں تو معلوم ہوتا ہے کہ سندھ پولیس نے جنوری 2017 سے اکتوبر 2024 تک 22 لاکھ 78ہزار484 لرنر ڈرائیونگ لائسنس اور 18 لاکھ 34 ہزار 727 مستقل ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے ہیں۔ اس کے علاوہ ایک لاکھ سے زائد بین الاقوامی ڈرائیونگ پرمٹ بھی جاری کیے گئے ہیں۔ آن لائن سہولت کے آغاز کے بعد سے اب تک 9811 لرنر ڈرائیونگ لائسنس اور 1245 بین الاقوامی ڈرائیونگ پرمٹ جاری کیے جا چکے ہیں، جبکہ کئی تجدید کئے جاچکے ہیں۔

کراچی اور حیدرآباد جیسے بڑے شہروں میں سالانہ لاکھوں ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے جاتے ہیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ گاڑیوں کی تعداد روز بروز بڑھ رہی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ڈرائیورز کو رجسٹرڈ کرنے اور ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء کا عمل بھی ایک بڑا چیلنج ہے۔

سندھ پولیس کی کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے جائیں تاکہ ٹریفک کی روانی کو بہتر بنایا جا سکے اور حادثات میں نمایاں کمی آئے۔ اس مقصد کے تحت، ڈرائیونگ لائسنس کی آن لائن سہولت کا اجراء شہریوں کے لیے ایک اہم قدم ہے۔

کراچی ٹریفک پولیس کے پاس دستیاب افرادی قوت کی تعداد 5716 ہے، جو شہر کی ٹریفک کو کنٹرول کرنے میں اپنا کردار بخوبی اور احسن طریقے سے ادا کر رہی ہے۔ کراچی میں یہ ٹریفک پولیس اہلکار ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کو کنٹرول کرنے میں دن رات مصروف عمل ہیں۔ رواں سال کے اعداد و شمار کے مطابق کراچی میں یکم جنوری سے 24 اکتوبر 2024 تک مختلف نوعیت کی ٹریفک خلاف ورزیوں پر 13 لاکھ 20 ہزار 87 چالان جاری کیے گئے ہیں، جن میں قابل ذکر بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی چلانے والوں کی تعداد بھی ہے۔بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی چلانے پر 21 ہزار 42 چالان جاری کیے گئے۔

ٹریفک کو منظم رکھنے کے لیے مختلف نوعیت کے چالان اور جرمانے عائد کیے جاتے ہیں، جس کا بنیادی مقصد شہریوں کو ٹریفک قوانین کی پاسداری اور پابندی کی ترغیب دینا ہے۔ کراچی کی مختلف شاہراہوں اور سڑکوں پر ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے کے لیے 138 ٹریفک سگنلز نصب کیے گئے ہیں، جو رات دن ٹریفک کی روانی کو کنٹرول کرنے میں اپنا مؤثر کردار ادا کر رہے ہیں۔

ایک رپورٹ کے مطابق، رواں سال 31 اکتوبر تک سندھ میں مختلف کیٹیگریز کے تحت مجموعی طور پر 89 لاکھ 65 ہزار اور 43 گاڑیاں رجسٹرڈ ہوئیں جن میں رجسٹرڈ کی جانیوالی موٹرسائیکلیں 63 لاکھ 94 ہزار 725 تھیں۔

رپورٹ کے مطابق محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سندھ میں صرف یکم تا 31 اکتوبر 2024 کے دوران مجموعی طور پر 25744 گاڑیوں کی رجسٹریشن کی گئی جن میں موٹرسائیکلز کی تعداد 18180 رہی۔

کراچی میں سال 2024 کے دوران 418 جان لیوا اور 273 معمولی نوعیت کے ٹریفک حادثات پیش آئے، جن کے نتیجے میں 691 ایف آئی آرز درج کی گئیں۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ گاڑیوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے ساتھ ساتھ حادثات کی روک تھام اور شہریوں کی حفاظت بھی ایک اہم مسئلہ ہے۔

شہریوں کا اخلاقی فرض ہے کہ اس سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور حکومت اور پولیس کا قوانین کی پاسداری اور ٹریفک مینجمنٹ کنٹرول میں اپنا حصہ ڈالیں۔

تحریر سید سعد علی (ڈائریکٹر پریس، افسر تعلقات عامہ، انسپکٹر جنرل آف سندھ پولیس)

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں