لاہور : صوبائی دارلحکومت لاہور میں اسموگ کی کیفیت برقرارہے اور فضائی آلودگی انڈیکس بدستور سر فہرست ہے تاہم حدِنگاہ میں کمی کے باعث موٹروے کے مختلف سیکشنزٹریفک کے لئے بند ہیں۔
تفصیلات کے مطابق لاہورسمیت پنجاب کے کئی شہروں پر اسموگ کا راج برقرار ہے اور لاہور دنیا بھر میں آلودہ ترین شہروں میں پھرسرفہرست ہے، جہاں ایئرکوالٹی انڈیکس 780ریکارڈ کیا گیا۔
ملتان 777 پوائنٹس کیساتھ دوسرے، راولپنڈی 312 پوائنٹس کیساتھ تیسرے ، اسلام آباد 268 پوائنٹس کیساتھ چوتھے اور پشاور210پوائنٹس کیساتھ پانچویں نمبر پر
ہے۔
شدید دھند اور اسموگ کی وجہ سے حدِنگاہ میں کمی کے باعث موٹروے کے مختلف سیکشنز بھی ٹریفک کے لئے بند کردیئے گئے۔
ترجمان موٹر وے کے مطابق لاہور اسلام آباد موٹر وے ایم ٹو، لاہور سیالکوٹ موٹر وے، موٹر وے ایم تھری لاہور سے درخانہ تک، موٹر وے ایم فور پنڈی بھٹیاں سے ملتان تک اور موٹر وے ایم فائیو ملتان سے سکھر تک بند ہیں۔
گذشتہ روز لاہور میں اسموگ کے متعلق ٹیکینیکل رپورٹ میں اصل وجہ گاڑیوں کے دھویں کو قرار دیا گیا تھا۔
سرکاری ذرائع کا کہنا تھا کہ تراسی فیصد اسموگ گاڑیوں کی دھویں کی وجہ سے پھیلی، محکمہ ماحولیات کی جانب سےغفلت برتنےوالوں کی نشاندہی نہیں کی جارہی ہے۔
ذرائع کے مطابق مشرق سے آنے والی ہواؤں کا معاملہ بھی محکمے کی ناکامی کو چھپانے کے لیے کیا گیا،چند روز قبل وزیراعلی مریم نواز نےاعلیٰ سطح کی میٹنگ میں اسموگ پربرہمی کا اظہارکیا، وزیراعلیٰ نے کہا محکمہ تویہی رپورٹ کرتارہا ہے کہ اسموگ کوروکنے کے اقدامات ہوگئے۔
اس کے علاوہ فصلوں کو جلانے سے پانچ فیصد اور فیکٹریوں کے دھویں سے چار فیصد جبکہ کنسٹرکشن اور مائننگ سے بھی اسموگ بڑھی۔