صدر آصف علی زرداری پر بانی پی ٹی آئی عمران خان کو قتل کرانے کی سازش کے الزام کے مقدمے سے شیخ رشید کو بری کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے صدر آصف علی زرداری کے خلاف قتل کی سازش کرنے کے کیس میں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کو بری کر دیا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ یاسر محمود نے سابق وفاقی وزیر شیخ رشید کی درخواست بریت پر محفوظ فیصلہ سنایا، عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہا اب صرف دہشت گردی کے چودہ کیس رہ گئے ہیں۔
شیخ رشید احمد کا کچہری کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا آج اللہ تعالیٰ کی مدد سے یاسرمحمود کی عدالت سے بری ہوا ہوں، میں اپنے وکلا اور لوگوں کا مشکور ہوں جنہوں نے میرا کیس لڑا، اب بس دہشت گردی کے 14 کیس رہ گئے ہیں۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ ان حکمرانوں سے جو کام لینا تھا وہ لے لیا گیا ہے، اب یہ خود کہہ رہے ہیں انڈے اور ٹماٹر پڑتے ہیں، آپ دونوں پارٹیاں نفرت کا نشان ہیں ہر کوئی آپ سے نفرت کرتا ہے، حالات اتنا خراب ہوتے دیکھ رہا ہوں کہ قومی حکومت وجود میں آسکتی ہے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا میں یہاں تھا ہی نہیں جب واقعہ ہوا مگر دہشتگردی کے مقدمات بنادیے گئے، مجھے کہا گیا آپ کا سامان واپس ہوگا مگر نہیں ہوا، ایسی جگہ بھی کیس ہوئے جو میں نے دیکھی ہی نہیں۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ بھارت کرکٹ نہیں کھیلنا چاہتا تو کشمیر میں کیا کررہا ہے، منی پور میں مسلمانوں سے ہونیوالے مظالم پر کوئی بیان نہیں دیاگیا۔