واشنگٹن: 54 امریکی ارکان کانگریس نے امریکی صدر جوبائیڈن کو خط میں پی ٹی آئی رہنماؤں کی فوری رہائی کیلئے اقدامات کا مطالبہ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق 54 امریکی ارکان کانگریس نے صدر جوبائیڈن کو خط لکھا ، جس میں پاکستان میں انسانی حقوق سے متعلق ایوان نمائندگان کی قرارداد پر اقدامات کا مطالبہ کردیا۔
خط میں کہا گیا کہ پاکستان میں 2024 کے ناقص الیکشن کے بعد انسانی حقوق کی دھجیاں بکھیری گئیں، پاکستان کی اہم سیاسی جماعت پی ٹی آئی کو انتخابات سےدور رکھنےکی کوشش کی گئی، مختلف ریاستی حربوں کے باوجود پی ٹی آئی امیدواروں نے آزاد حیثیت میں کامیابی حاصل کی۔
امریکی ارکان کانگریس نے کہا کہ الیکشن پر خدشات سے متعلق رپورٹس کو حکومت نے شائع ہونے سے روکا گیا، پاکستان میں الیکشن کے بعد عدلیہ کی آزادی اور انسانی حقوق کی مزید پامالی کی گئی ، پاکستان کے مقبول ترین رہنما کو مسلسل پابند سلاسل رکھنا سب سے زیادہ تشویشناک بات ہے۔
خط میں مطالبہ کیا گیا کہ شاہ محمود، یاسمین راشد اور دیگررہنماؤں کی فوری رہائی کیلئے اقدامات کیےجائیں اور سیاسی قیدیوں کی رہائی کیلئے اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے کو حکمت عملی اپنانے کا کہا جائے۔
مزید پڑھیں : امریکی کانگریس کے 62 ارکان کا بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے صدر بائیڈن کو خط
ارکان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں تعینات سفیر کو انسانی حقوق، جمہوری اقدار کے فروغ کیلئے اقدامات کی ہدایت کی جائے، توقع ہے پاکستان میں جمہوریت کی بحالی اور انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے امریکا اثر و رسوخ استعمال کرے گا۔
یاد رہے گذشتہ ماہ ہی امریکی کانگریس کے 62 ارکان نے بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے صدربائیڈن کو خط لکھا تھا، خط پر مسلمان ارکان کانگریس الحان عمر اورراشدہ طلیب کے دستخط بھی موجود تھے۔
خط میں سابق وزیراعظم عمران خان سمیت سیاسی قیدیوں کو رہا کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ بائیڈن انتظامیہ عمران خان کی حفاظت کیلئے پاکستانی حکام سےگارنٹی لیں۔