ہفتہ, نومبر 16, 2024
اشتہار

’امریکی ارکان کانگریس کا خط پاکستان کے داخلی معاملات میں واضح مداخلت ہے‘

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: پیپلزپارٹی کی سینیٹر شیری رحمان کا کہنا ہے کہ امریکی ارکان کانگریس کا خط پاکستان کے داخلی معاملات میں واضح مداخلت ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق سینیٹر شیری رحمان نے امریکی کانگریس ارکان کی جانب سے صدر بائیڈن کو لکھے گئے خط پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے پی ٹی آئی مسلسل غیرملکی مداخلت کو دعوت دے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ارکان کانگریس کا بائیڈن کو خط حقیقی آزادی کے بیانیے کے تابوت میں ایک اور کیل ہے، کسی بھی دوسرے ملک کے سیاسی و قانونی معاملات میں مداخلت عالمی اصولوں کے خلاف ہے۔

- Advertisement -

پی پی سینیٹر نے کہا کہ امریکی ارکان کانگریس کا خط پاکستان کے سیاسی نظام  اورعدلیہ کی خودمختاری کو چیلنج کرتا ہے، کسی دوسرے ملک کے داخلی معاملات میں مداخلت کو جائز سمجھنا خطرناک مثال قائم کرتا ہے۔

شیری رحمان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی  امریکا میں پاکستان کے خلاف لابنگ  کی کوششیں بھی قابل مذمت ہیں، یہ وہی سیاسی جماعت ہے جو ماضی میں امریکی مداخلت پر بیانیہ بناکرسیاست کرتی رہی، پی ٹی آئی  کی جانب سے خود اسی طرح کی مداخلت کا سہارا لینا دہرا معیار ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ صدر آصف علی زرداری نے 12 سال جیل میں گزارے، انہوں نے کبھی بیرونی لابی فرمز کو ایسی درخواستیں لکھنے کے لیے استعمال نہیں کیا، ملکی سیاسی جماعتیں مسائل، قانونی جدوجہد کے لیے ملکی اداروں پر ہی اعتماد رکھتی ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان میں انسانی حقوق سے متعلق امریکی ایوان نمائندگان کی قرارداد پر اقدامات کا مطالبہ کیا گیا۔

54 ارکان کانگریس نے صدر جوبائیڈن کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں 2024 کے ناقص الیکشن کے بعد انسانی حقوق کی دھجیاں بکھیری گئیں۔

خط میں لکھا گیا کہ اہم سیاسی جماعت پی ٹی آئی کو انتخابات سے دور رکھنے کی کوشش کی گئی لیکن پی ٹی آئی امیدواروں نے آزاد حیثیت میں کامیابی حاصل کی، الیکشن کے بعد حکام نے عدلیہ کی آزادی اور انسانی حقوق کی مزید پامالی کی۔

امریکی ارکان کانگریس کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کی فوری رہائی  کے لیے اقدامات کیے جائیں، پاکستان میں تعینات سفیر کو انسانی حقوق، جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے اقدامات کی ہدایت کی جائے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں