پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ویمنز کرکٹرز کے لیے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کردیا۔
پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق بین الاقوامی سیزن کے لیے 16 ویمنز کرکٹرز کو سینٹرل کنٹریکٹ دیا گیا ہے جس میں کپتان فاطمہ ثنا اور منیبہ علی اے کیٹیگری میں شامل ہیں۔
ویمنز کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹ کا اطلاق یکم جولائی 2024 سے ہوگا۔
اسپنر سعدیہ اقبال کو شاندار کارکردگی کی بدولت بی کیٹیگری میں ترقی دی گئی ہے، تسمیہ رباب کو پہلی بار سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل کیا گیا ہے جبکہ گل فیروزہ اور رامین شمیم کو دوبارہ کنٹریکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئیں۔
سابق کپتان ندا ڈار، عالیہ ریاض، انوشے ناصر، سدرہ انور، ایمان فاطمہ کے سینٹرل کنٹریکٹ کی تجدید نہیں کی گئی تاہم یہ کھلاڑی سلیکشن کے لیے دستیاب ہوں گی۔
پی سی بی کے نئے تعینات ہونے والے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد سید نے منتخب کھلاڑیوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نئے آئی سی سی فیوچر ٹورز پروگرام کی تیاری کررہے ہیں، ہمارا مقصد مستقبل کے لیے ابھرتے ہوئے کرکٹرز کو ترجیح دینا ہے۔