پاکستان اور نیدر لینڈ کے درمیان اگلے برس کرکٹ سیریز کرانے پر اتفاق ہوا ہے جس کے لیے نیدر لینڈ کی ٹیم پاکستان آئے گی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے نیدر لینڈ کی سفیر نے ملاقات کی جس میں جہاں دو طرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا، وہیں دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ کو فروغ دینے پر بھی بات چیت کی گئی۔
ملاقات میں پاکستان اور نیدر لینڈ کے درمیان کرکٹ سیریز کرانے اور نیدر لینڈ کا کرکٹ کے فروغ کیلیے پی سی بی سے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ وہ نیدر لینڈ میں کرکٹ کے فروغ کیلیے سپورٹ کریں گے جب کہ نیدر لینڈ کی سفیر نے کہا کہ ان کی کرکٹ ٹیم اگلے برس پاکستان کا دورہ کرے گی۔
اس ملاقات میں وزیر داخلہ نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے پائیدار بنیادوں پر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے بتایا کہ غیر قانونی طور پر پاکستان میں مقیم افغان مہاجرین کی واپسی کیلیے پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے۔