بالی ووڈ اداکار آیوشمان کھرانہ نے اپنے والد کو ڈکٹیٹر قرار دیتے ہوئے انکشاف کیا کہ انہیں بچپن میں ایک خاص صدمے سے گزرنا پڑا ہے۔
بالی ووڈ کے معروف اداکار و گلوکار آیوشمان کھرانہ نے بھارتی میڈیا کو دیے گئے انترویو میں انکشاف کیا کہ ان کے والد پی کھرانہ بے حد سخت مزاج کے مالک تھے، وہ بچپن میں انہیں چپل اور بیلٹ سے مارا کرتے تھے جس کی وجہ سے ان کا بچپن صدموں سے دوچار رہا۔
آیوشمان کھرانہ نے کہا کہ والد پنجاب کے چندی گڑھ میں علم نجوم کے شعبے سے منسلک تھے اس دوران انہوں نے علم نجوم پر کئی کتابیں لکھیں۔
انٹرویو کے دوران میزبان نے آیوشمان سے سوال کیا کہ کیا آپ اپنے والد کے مقابلے میں مختلف باپ ہیں؟ جس پر اداکار نے بتایا کہ میں بالکل مختلف باپ ہوں کیوں کہ میرے والد ایک طرح کے ڈکٹیٹر تھے جن کیلئے چپل اور بیلٹ سے مارنا عام سی بات تھی۔
انٹرویو کے دوران اداکار نے ایک قصہ بھی بتایا کہ ایک روز میں ایک پارٹی سے واپس آیا تو میری شرٹ سے سگریٹ کے دھوئیں کی بو آرہی تھی، درحقیقت میں نے اپنے والد کے ڈر سے کبھی سگریٹ کو ہاتھ بھی نہیں لگایا تھا لیکن اس بو کی وجہ سے بھی مجھے مار پڑی تھی۔
واضح رہے کہ آیوشمان نے فلم میکر اور رائٹر طاہرہ کشیپ سے 2008 میں شادی کی تھی، دونوں کے اب دو بچے ایک بیٹا اور بیٹی بھی ہے۔