کچھ سبزیاں ایسی ہوتی ہیں جو ہر گھر میں تقریباً ہر وقت موجود ہوتی ہیں جن میں پیاز سرفہرست ہے، تاہم بعض اوقات موسم کے اثرات اور بے دھیانی کے سبب گھر میں رکھی پیاز خراب ہو کر گل سڑ جاتی ہے۔
دیگر سبزیوں کی طرح پیاز بھی کچھ ہی دنوں میں ڈھیلی اور نرم ہو کر خراب ہونے لگتی ہے، آج ہم آپ کیلئے ایک ایسا بہترین طریقہ لے کر آئے ہیں کہ جس سے آپ پیاز کو ایک سال تک استعمال کے قابل بناسکتی ہیں۔
اس کے لیے مندرجہ ذیل سطور میں کچھ ٹپس بیان کی جارہی ہیں جس کی مدد سے آپ کا یہ مسئلہ بااّسانی حل ہوسکتا ہے۔
یاد رکھیں !! فرج یا باورچی خانے میں پیاز کو زیادہ دیر تک رکھنا بہت زیادہ نقصان کا باعث بن سکتا ہے، لہٰذا خواتین یہ غلطی بالکل نہ کریں۔
اکثر لوگ سبزیوں کو ریفریجریٹر کے نچلے خانے یا کچن کے کاؤنٹر ٹاپس میں رکھنے کی غلطی کرتے ہیں جس کی وجہ سے پیاز میں بدبو یا کونپل پُھوٹ سکتی ہے۔
ماہرین کے مطابق ماحول میں موجود نمی اور روشنی پیاز کے سڑنے اور گلنے میں کردار ادا کرتی ہے لہٰذا پیاز کو ذخیرہ کرنے کے لیے اِنہیں خشک، ہوا دار ٹوکری یا بڑے برتن میں رکھنا چاہیے۔
اس بات کا خاص طور پر دھیان رکھیں کہ جہاں پیاز رکھ رہے ہیں اس کے نزدیک آلو نہ ہوں ورنہ پیاز جلد خراب ہوسکتی ہے، آلوؤں میں سے ایک مخصوص گیس خارج ہوتی ہے جس سے پیاز کے خراب ہونے کا امکان بڑھ جاتا ہے۔
اس بات کو بھی ذہن میں رکھیں کہ پیاز کو کبھی بھی پلاسٹک کے شاپنگ بیگ میں نہیں رکھنا چاہیے ورنہ ہوا کی عدم موجودگی میں پیاز جلد خراب ہوسکتی ہے۔
پیاز کو ذخیرہ کرنے کی بہترین جگہ دراز، الماری، کھڑکیوں یا کھانا پکانے کے آلات سے دور باورچی خانے کا ایک تاریک گوشہ ہے۔
اس کے علاوہ آلو، گاجر اور اجوائن کے ساتھ پیاز کو ذخیرہ نہ کرنا بھی بہتر ہے کیونکہ وہ نمی چھوڑتے ہیں جس کی وجہ سے پیاز کچھ دنوں میں ہی گدلے اور خراب ہو سکتے ہیں۔
چھیلی ہوئی اور کٹی ہوئی پیاز
پیاز کو ائیر ٹائیٹ کنٹینر میں رکھنے کا واحد وقت یہ ہوتا ہے جب وہ چھیلے گئے ہوں، چھیلے گئے پیاز کو ہمیشہ فریج میں رکھنا چاہیے اور انہیں کھلے میں نہیں چھوڑنا چاہیے کیونکہ وہ بیکٹیریا کی نشوونما اور خراب ہونے کا خطرہ رکھتے ہیں۔
ریفریجریٹر میں ایئر ٹائٹ کنٹینر میں سیلنگ اس کی شیلف لائف کو 10-14 دن تک بڑھا سکتی ہے، کٹے ہوئے پیاز کو بھی ریفریجریٹر میں رکھنا چاہیے اور شیشے کے برتن میں رکھنا چاہیے تاکہ ان کی تیز بو کو دوسری غذاؤں میں جذب ہونے سے روکا جا سکے۔
مکمل پیاز تین ماہ تک چل سکتا ہے جب اسے مناسب طریقے سے ذخیرہ کیا جائے۔ چھلے ہوئے پیاز دو ہفتے تک چل سکتے ہیں جبکہ کٹے ہوئے پیاز ایک ہفتے تک چل سکتے ہیں۔