منگل, نومبر 19, 2024
اشتہار

وزیراعظم شہباز شریف آج دفاعی نمائش آئیڈیاز 2024 کا افتتاح کریں گے

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : وزیراعظم شہباز شریف آج دفاعی نمائش آئیڈیاز 2024 کا افتتاح کریں گے، نمائش بائیس نومبر تک جاری رہے گی۔

تفصیلات کے مطابق دفاعی نمائش آئیڈیاز2024 کا آغاز آج سے ایکسپو سینٹرکراچی میں ہوگا، نمائش کا افتتاح وزیراعظم شہباز شریف کریں گے۔

بارہویں انٹرنیشنل ڈیفنس ایگزیبیشن اینڈ سیمینارمیں پاکستان اوردوست ممالک کی دفاعی مہارتوں، آلات اورٹیکنالوجی کی نمائش کی جائے گی۔

- Advertisement -

پچپن ملکوں سےساڑھے پانچ سو سے زائد نمائش کنندگان اپنے اسٹالز لگائیں گے، نمائش میں ترکی اور چین بھرپور شرکت کر رہے ہیں جبکہ ایران، اٹلی اور برطانیہ پہلی مرتبہ شریک ہو رہے ہیں۔

مزید پڑھیں : کراچی میں 19 نومبر سے 22 نومبر تک کون کون سے راستے بند ہوں گے؟

نمائش میں جے ایف 17 طیارے سمیت دیگر ہتھیار رکھے جائیں گے، دفاعی نمائش بائیس نومبر تک جاری رہے گی۔

اس موقع پر ایکسپو سینٹر اور اطراف میں سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے، صبح سات سے شام سات بجے تک ایکسپو سینٹر سے منسلک سڑکیں بند رہیں گی۔

چار روزہ نمائش کے دوران ایکسپو سینٹر کی حدود میں موجود تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔

یاد رہے دفاعی نمائش آئیڈیاز 2024 کے موقع پر حفاظتی نکتہ نظر کے تحت کراچی بھر میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے، دفعہ 144 کا نفاذ 7دن کیلئے کیا گیا ہے.

نوٹیفکیشن کے مطابق پابندی کا اطلاق 18 نومبر سے 24 نومبر تک ہوگا، ان ایام میں جلسے، جلوس، ریلیاں نکالنے پر سخت پابندی ہوگی۔

خیال رہے پاکستان کی ڈیفنس انڈسٹری کو بین الاقوامی سطح پر فروغ دینے کیلئے وزارت دفاع اور دفاعی پیداوار کے تحت ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن ڈی ای پی او ہر دو سال بعد آئیڈیاز کے نام سے بین الاقوامی دفاعی نمائش اور سیمینار کا انعقاد کرتا ہے۔

اس نمائش میں پاکستان میں مقامی طور پر تیار کردہ دفاعی سازوسامان کی نمائش کے ساتھ ساتھ دنیا بھر کی بڑی اور اہم دفاعی کمپنیاں بھی اپنے سازوسامان کی نمائش کرتی ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں