راولپنڈی: پولیس نے پی ٹی آئی کا احتجاج روکنے کے لئے مختلف شہروں میں چھاپوں کے دوران متعدد کارکنوں کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق 24 نومبر کی بانی پی ٹی ائی کی اسلام آباد میں احتجاج کی کال پر پنجاب حکومت نے احتجاج روکنے کے لیے اقدامات شروع کردیے۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنوں کی گرفتاری کیلئے پولیس کا رات بھر کریک ڈاؤن جاری رہا، پولیس نے صدر بیرونی سٹی، نیوٹاؤن روات، گوجر خان، جاتلی کلر سیداں میں چھاپے مارے۔
رات بھر چھاپہ مار کارروائیوں میں 60 سے زائد کارکنان کو گرفتار کرلیا گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ کارکن چوبیس نومبر کے احتجاج کی مہم چلا رہے تھے۔
اٹک میں بھی پولیس نے کریک ڈاؤن کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے پچیس کارکن حراست میں لیا جبکہ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی پولیس نے کارکنوں کےگھروں پر چھاپے مار کر متعدد کارکن گرفتار کرلیے۔
پولیس نے راستوں کی بندش کے لیے کنٹینرز بھی قبضے میں لینا شروع کردیے ہیں ، موٹروے اور جی ٹی روڈ کو 7 مختلف مقامات سے بند کرنے کی حکمت عملی تیار ہے۔
موٹر وے کے تمام داخلی مقامات کو رینجرز کے حوالے کرنے کا امکان ہے جبکہ جی ٹی روڈ کے تمام پوائنٹس پرپولیس ،ایلیٹ فورس کے دستے تعینات کئے جائیں گے۔