لاہور : سینیئر وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ 24 نومبر کا احتجاج نند اور بھاوج کی لڑائی ہے، نند نے احتجاج کرنا ہے تو لاہور میں کرلے، بھابی نے احتجاج کرنا ہے تو خیبر پختونخوا میں کرلے۔
تفصیلات کے مطابق سینیئر وزیر مریم اورنگزیب نے پریس کانفرنس میں کرتے ہوئے کہا کہ 2014 میں ایک شخص ڈی چوک پر حملہ آور ہوا، ترقی کےعمل کو سبوتاژ کیا گیا لیکن سابق پی ڈی ایم حکومت نے ملک کو دلوالیہ ہونے سے بچایا تھا۔
سینیئر وزیر کا کہنا تھا کہ آپ نے احتجاج کرنا یا دھرنا دینا ہے تو اپنے صوبےمیں دیں، آج معاشی ترقی کو ایک بار پھر سبوتاژ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
انھوں نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ 24 نومبر کا احتجاج زمان پارک اور بنی گالہ کی لڑائی ہے، یہ احتجاج نند اور بھاوج کی لڑائی ہے ، نند نے احتجاج کرنا ہے تو لاہور میں کرلے، بھابی نے احتجاج کرنا ہے تو خیبر پختونخوا میں کر لے لیکن ریاست پرحملہ آور ہونا بغاوت ہوتی ہے، یہ سب پی ٹی آئی کا تماشہ ،ڈرامہ ، فریب اور دھوکا ہے۔
ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ انھوں نے چلتے منصوبے بند کر کے ملک کو بھکاری بنا دیا، جہاد جہاد کے نعرے لگائے جا رہے ہیں، ایک قیدی اور مجرم کو چھڑانے کیلئے یلغار کرنے آرہے ہیں۔