پیر, مئی 12, 2025
اشتہار

ٹینس کے بادشاہ رافیل نڈال کا شکست کے ساتھ کیریئر کا اختتام

اشتہار

حیرت انگیز

کلے کورٹ کے بادشاہ اور 22 بار کے گرینڈ سلیم فاتح رافیل نڈال اپنے شاندار کیریئر کا آخری میچ یادگار نہ بنا سکے اور غیر معروف کھلاڑی سے ہار گئے۔

اسپین کے رافیل نڈال جنہیں دنیا بھر میں کنگ آف ریڈ گریول کے نام سے جانا جاتا ہے وہ گزشتہ روز اپنے ہوم کراؤڈ کے سامنے ملاگا میں ڈیوس کپ ٹینس کے فائنل راؤنڈ میں اپنے انٹرنیشنل کیریئر کا آخری میچ کھیلنے کورٹ میں آئے تھے لیکن انہیں نیدر لینڈز کے غیر معروف کھلاڑی نے اسٹریٹ سیٹس میں شکست دی۔

38 سالہ رافیل نڈال کو بوٹک وین زنڈشلپ نے اسٹریٹ سیٹس میں 4-6، 4-6 سے شکست دی۔

میچ سے قبل تماشائیوں نےنڈال کی ٹینس کورٹ آمد پر شاندار ویلکم کیا اور قومی ترانہ بجایا گیا۔ اس دوران نڈال جذباتی ہو گئے اور ان کی آنکھیں چھلک پڑیں۔

میچ کے بعد اپنے مداحوں سے الوداعی اور جذباتی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں اس ذہنی سکون کے ساتھ کھیل چھوڑ رہا ہوں کہ میں نے ایک میراث چھوڑی ہے جو صرف کھیل کے ذریعے ہی حاصل کی جا سکتی ہے۔

اپنے کیریئر میں رافیل نڈال کی ڈیوس کپ میں کھیلے گئے سنگلز میچوں میں یہ دوسری شکست ہے۔ اس سے قبل انہیں 2004 میں جمہوریہ چیک کے جیری نوواک کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

واضح رہے کہ نڈال نے اپنے شاندار کیریئر میں بائیس گرینڈ سلم جیتے۔ جن میں ریکارڈ 14 فرنچ اوپن شامل ہیں۔ اولمپکس کے سنگلز اور ڈبلز مقابلوں میں گولڈ میڈل جیتنے کا اعزاز بھی نڈال کو حاصل ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں