اسکر ایوارڈ یافتہ معروف بھارتی موسیقار و گلوکار اے آر رحمٰن اور اہلیہ سائرہ بانو کے درمیان شادی کے 29 سال بعد طلاق ہونے پر گلوکار کا ردِعمل بھی سامنے آ گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق عالمی شہرت یافتہ بھارتی موسیقار اے آر رحمان کی اہلیہ سائرہ بانو نے شادی کے 29 سال بعد 19 نومبر کو شوہر سے علیحدگی کا اعلان کیا جس کے بعد اب موسیقار نے خود بھی دلخراش پیغام جاری کردیا۔
اے آر رحمان کے ایکس اکاؤنٹ سے جاری پیغام میں لکھا ’ہم نے شادی کے 30 برس تک پہنچنے کی امید کی تھی لیکن دنیا میں ہر چیز کا اختتام ہے جو کسی نے نہیں دیکھا، ٹوٹے ہوئے دلوں کے بوجھ سے خدا کا تخت بھی کانپ سکتا ہے‘۔
انہوں نے لکھا کہ اگرچہ اس مشکل وقت سے گزرنے کی کوشش کررہے ہیں، بکھرے ہوئے ٹکڑے واپس جڑ نہیں سکتے، ہم اپنے دوست احباب کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے نیک خواہشات کا اظہار اور ہم سے ہمدردی کی اور ہماری پرائیویسی کا خیال رکھا‘۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارتی میڈیا کی جانب سے یہ خبر سامنے آئی تھی شادی کے کئی سالوں بعد سائرہ بانو نے اپنے شوہر اے آر رحمان سے علیحدگی کا مشکل فیصلہ کیا ہے، یہ فیصلہ ان کے تعلقات میں پیچیدگی کے باعث کیا گیا ہے۔
سائرہ بانو کی قکیل نے بیان میں کہا تھا کہ ایک دوسرے کے لیے گہری محبت کے باوجود جوڑے نے محسوس کیا کہ تلخی اور مشکلات کے باعث ان کے درمیان ایک ایسا فاصلہ پیدا ہو گیا ہے جسے اس وقت دونوں فریق ختم کرنے سے قاصر ہیں۔
سائرہ نے مداحوں سے درخواست کی کہ وہ اس مشکل وقت میں ان کی پرائیویسی اور جذبات کا احترام کریں۔
واضح رہے کہ اے آر رحمان نے 12 مارچ 1995 کو سائرہ بانو سے شادی کی تھی اور جوڑے کے تین بچے ہیں، اے آر رحمان اور سائرہ کی ارینج میرج ہوئی تھی،انہوں نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ ان کی والدہ نے سائرہ سے شادی کرائی تھی۔