اسلامی نظریاتی کونسل کا کہنا ہے کہ وی پی این ناجائز نہیں لیکن اس کا استعمال مثبت ہونا چاہیے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وی پی این کے حوالے سے اسلامی نظریاتی کونسل کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا اپنے خیالات و آرا کے اظہار کا مؤثر ترین ذریعہ ہے، سوشل میڈیا کو عمدہ مقاصد کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اسلامی تعلیمات کی پیروی ہر مسلمان پر لازم ہے، سوشل میڈیا کو اسلامی تعلیمات کے فروغ، تعلیم و تربیت کیلئے استعمال ہونا چاہئے، سوشل میڈیا کو توہین و گستاخی، فرقہ واریت، بدامنی و غیر شرعی مقاصد کیلئے استعمال نہیں کرنا چاہئے۔
اسلامی نظریاتی کونسل کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ کے استعمال کے دوران مختلف مقاصد کیلئے وی پی این استعمال ہوتا ہے، وی پی این یا کوئی سافٹ ویئر بذات خود ناجائز نہیں، وی پی این، سافٹ ویئر یا كسی ایپ كے درست، غلط استعمال پرشرعی حكم كا دارومدار ہوتا ہے۔
اعلامیے کے مطابق بات چیت ، تعلیمی و تجارتی مقاصد کیلئے ایپ کا استعمال درست اور جائز ہوگا، کسی ایپ کے استعمال کے حوالے سے حکومتی قوانین پر عمل کرنا چاہیے، حکومت نے وی پی این کی رجسٹریشن شروع کر دی ہے اسی کے استعمال کو ترجیح دی جائے اور غیر رجسٹرڈ وی پی این کے استعمال سے اجتناب کیا جائے۔
اسلامی نظریاتی کونسل کا کہنا ہے کہ حكومت كی ذمہ داری ہے شہریوں كیلئے جائز مقاصد كےحصول کیلئے سوشل میڈیا کا استعمال آسان بنائے، حکومت ناجائز مقاصد كیلئے سوشل میڈیا كے استعمال كو روكنے كیلئے اقدامات كرے جدید ذرائع پر محض پابندی عائد کرنا مسائل کا حل نہیں۔