روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا ہے کہ اب ماسکو کے پاس بھی مغربی ممالک پر حملہ کرنے کا ’حق حاصل ہے‘۔
روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے جمعرات کو ٹیلی ویژن پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مغربی ممالک نے کیف کو روس پر حملہ کرنے کے لیے ہتھیار فراہم کیے اب ماسکو کے پاس مغربی ممالک پر حملہ کرنے کا ’حق حاصل ہے‘۔
روسی صدر پیوٹن کا کہنا ہے کہ روس نے یوکرین میں تجرباتی بیلسٹک میزائل داغا، جس کے بعد کیف پر حملہ کیا گیا، کیف پر میزائل حملے مغربی ساختہ میزائلوں کے جواب میں تھا، پیوٹن کے بیان سے ایسا لگتا ہے کہ اب براہ راست امریکا اور برطانیہ کو بھی خطرہ ہے۔
نئے میزائل کے بارے میں پیوٹن کا کہنا تھا کہ یہ آواز کی رفتار سے دس گنا زیادہ تیزی سے پرواز کرتا ہے، اس میزائل کو یوکرین کے کسی بھی اس اتحادی پر حملہ کرنے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے، جس کا میزائل کیف، روس پر داغے گا۔
پیوٹن نے مزید کہا کہ حملہ نئے میزائل سسٹم اوریشنک کی آزمائش کے طور پر کیا ہے، پیوٹن نے یوکرین پر داغے گئے میزائل کا نام ’اورشینک‘ بتایا ہے جوکہ ایک درخت کا روسی نام ہے۔