بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی زندگی کے آخری ایام کی رہائش گاہ زیارت کو ماحول دوست سیاحتی مقام بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی زیر صدارت زیارت ڈیولپمنٹ اتھارٹی کا اجلاس ہوا جس میں زیارت کو پاکستان کا ماحول دوست سیاحتی مقام بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اجلاس میں طے کیا گیا کہ منصوبے پر عملدرآمد کے لیے عالمی اور قومی سطح پر پیشکشیں طلب کی جائیں گی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ زیارت میں واقع وزیر اعلیٰ انیکس، چیف سیکریٹری، آئی جی ہاؤسز، اعلیٰ شخصیات کے لیے مختص عمارات اور ریسٹ ہاؤسز کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت سیاحتی مقاصد کے لیے استعمال میں لایا جائے گا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زیارت ڈیولپمنٹ اتھارٹی کو سیاسی اثر ورسوخ سے آزاد فعال ایسا ادارہ بنائیں گے، جس میں کوئی سیاسی شخصیت مداخلت کرے گی اور نہ ہی کسی سرکاری بابو کو کمیشن لینے دیں گے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ میرٹ سے ہٹ کر کسی کام میں مداخلت نہیں کی جائے گی اور کوئٹہ، زیارت ڈیولپمنٹ اتھارٹی ایک خود مختار ادارے کے طور پر کام کرے گی اور اس میں ہر سطح پر شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ اگلے 2 سال میں زیارت کو ملک کے منفرد سیاحتی مقام کے طور پر متعارف کرا دیں گے۔