لاہور : اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے چیئرمین بیرسٹر گوہر اور بیرسٹر سیف نے ملاقات کی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس موقع پر بانی پی ٹی آئی نے ایک خصوصی ویڈیو پیغام ریکارڈ کرایا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق آج دوپہر بانی پی ٹی آئی سے اڈیالہ جیل میں بیرسٹر گوہر اور بیرسٹر سیف نے خصوصی ملاقات کی۔
ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران بیرسٹر گوہر کے پاس موبائل فون بھی موجود تھا، بانی پی ٹی آئی نے بیرسٹر گوہر کے موبائل فون پر اپنا ویڈیو پیغام ریکارڈ کرایا۔ جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ ویڈیو پیغام صرف امین علی گنڈا پور اور بشریٰ بی بی کیلیے ہے کارکنان کیلئے نہیں۔
اس حوالے سے جیل ذرائع کا کہنا ہے ڈیڑھ گھنٹہ جاری رہنے والی اس ملاقات میں بیرسٹر گوہر اور بیرسٹر سیف نے عمران خان سے حکومت سے مذاکرات کی اجازت لی۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ بیرسٹر گوہر مذاکرات کے لیے کمیٹی تشکیل دیں گے، حکومت نے ڈی چوک کے بجائے کسی اور جگہ دھرنے کی پیشکش کی ہے، دوسری جگہ کے انتخاب پر سہولیات دینے کا بھی وعدہ کیا گیا ہے۔
بعد ازاں اڈیالہ جیل سے واپسی پر گفتگو میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ احتجاج کی کال بانی کی ہے اور وہ فائنل ہے۔
علاوہ ازیں پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما شیخ وقاص اکرم نے ویڈیو پیغام ریکارڈ کرائے جائے سے متعلق خبر پر بتایا کہ عمران خان نے کسی کیلیے کوئی ویڈیو پیغام ریکارڈ نہیں کرایا۔