گورنر ہاؤس کراچی میں مفت آئی ٹی کی تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ وطالبات نے اپنی ویب ایپلیکیشن بنا کر ڈالرز کمانا شروع کر دیے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق گورنر ہاؤس میں مفت آئی ٹی کی تعلیم دینے کا مقصد شرمندہ تعبیر ہونے لگا۔ یہاں سے تربیت حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات نے 8 ماہ کے قلیل عرصے میں اپنی ویب اپلیکیشن بنا کر ڈالرز کمانا شروع کر دیے ہیں۔
ایسے ہی نوجوانوں میں شامل ہیں کراچی کے حافظ نعیم الدین جنہوں نے گورنر ہاؤس کراچی سے مفت آئی ٹی کی تربیت حاصل کی اور پھر اپنی ویب ایپلیکیشن بنا ڈالی۔ جس کے بعد اب وہ 500 سے ایک ہزار ڈالر کما رہے ہیں اور جلد سافٹ ویئر ہاؤس کھولنے کا بھی ارادہ رکھتے ہیں۔
نعیم الدین کا کہنا ہے کہ کراچی میں ڈگریاں لے کر بے روزگار پھرنے والوں کو گورنر سندھ نے روزگار فراہم کیا۔
صرف لڑکے ہی نہین لڑکیاں بھی اس میدان میں کامیابی حاصل کر رہی ہیں۔ ان میں ندا رضوان شامل ہیں جو ایک گھریلو خاتون ہیں اور جب وہ گورنر انیشیٹیو کا حصہ بنیں تو انہیں علم نہیں تھا کہ 8 ماہ بعد ان کے پاس ایک لاکھ 400 ڈالر کا پراجیکٹ موجود ہوگا۔
واضح رہے کہ گورنر آئی ٹی انیشیٹیو میں طلبہ وطالبات کو بہترین سہولیات، جدید لیپ ٹاپ سمیت پہلے ماڈیول میں جاوا اور ٹائپ اسکرپٹ جبکہ دوسرے ماڈیول میں فریم ورک اور ویب اپلیکیشن ڈیولپمنٹ سکھائی گئی ہے۔ اس کے بعد اگلے دو ماڈیول میں اے آئی، ویب چین اور میٹاورس کے کورسز کرائے جائیں گے۔