اسلام آباد کے ڈی چوک کی طرف بڑھنے والے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے احتجاج میں سے بشریٰ بی بی اور علی امین گنڈاپور کے اچانک غائب ہو جانے کی اطلاع ہے۔
پی ٹی آئی کارکن علی امین گنڈاپور کو ڈی چوک تک جانے پر قائل کرنے میں ناکام رہے جس کے باعث کارکنوں کی بڑی تعداد طویل انتظار کے بعد مایوس ہونے لگی ہے۔
انتظامیہ نے پی ٹی آئی کارکنوں کو ڈی چوک سے پیچھے دھکیل دیا۔ کارکن بلیو ایریا میں موجود ہیں اور پیچھے ہٹنے پر مجبور ہیں۔ کچھ کارکن زیرو پوائنٹ کی طرف واپس چلے گئے۔
اس دوران بشریٰ بی بی اور علی امین گنڈاپور کارکنوں کے درمیان سے غائب ہوگئے جس کے باعث کارکنوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔
اس سے قبل دیر قبل اے آر وائی نیوز نے خبر شائع کی تھی کہ علی امین گنڈاپور سے قافلہ آگے نہ بڑھانے پر کارکنان کی تکرار ہوئی تھی۔ کارکنان کی جانب سے اصرار کیا گیا تھا کہ قافلہ ڈی چوک لے کر چلیں، اُس وقت قافلہ کلثوم اسپتال کے سامنے سے گزر رہا ہے۔
اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت نے کارکنوں سے کہا تھا کہ جب تک ہدایات نہیں آ جاتیں کارکن پُرامن رہیں۔
کارکنان نے دو گھنٹے تک انتظار کیا مگر قافلے کی رفتار سست ہونے پر کچھ جذباتی ہوگئے اور علی امین گنڈاپور سے مطالبہ کیا کہ قافلے کی رفتار بڑھائیں۔