اسلام آباد : پی ٹی آئی کا احتجاج ختم ہونے کے بعد جڑواں شہروں اور لاہور میں معمولات زندگی اور انٹرنیٹ سروس بحال ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کا احتجاج ختم ہونے کے بعد سلام آباد میں زندگی معمول پر آنے لگی اور راستے کھول دیے گئے
فیض آباد فلائی اوور اور مری روڈ سے رکاوٹیں ہٹانے کا کام جاری ہے تاہم چار روز سے بند موٹرویز کو بھی ہر طرح کی ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا۔
انٹرنیٹ سروس بھی بحال کردی گئی اور بلیوایریا میں سی ڈی اے کی جانب سے صفائی کا عمل جاری ہے۔
راولپنڈی میں بھی 5روز بعد معمولات زندگی بحال ہوگئی ، ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے مری روڈ کو جزوی بحال کرنے کی ہدایت کردی، جس کے بعد مری روڈ پر کنٹینرز ہٹانے کا کام جاری ہے۔
ڈبل روڈ اور آئی جے پی روڈ کو بھی ٹریفک کیلئے بحال کردیا گیا جبکہ اسلام آباد ایکسپریس کی طرف جانے والے راستے بھی کھول دیے گئے۔
مری روڈ پر 5روز سے بند کاروباری مراکز بھی کھل گئے اور راولپنڈی میں پبلک ٹرانسپورٹ اور بس آڈے بھی کھول دیے گئے ہیں۔
لاہور کے راستے بھی کھل گئے ہیں اور رِنگ روڈ سگیاں پل پر ٹریفک رواں دواں ہے، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے بھی پنجاب بھر میں راستے کھولنے اور اشیاخورو نوش کی فراہمی برقرار رکھنے کے لئے اقدامات کی ہدایت کردی۔
وزیر آباد،سیالکوٹ جی ٹی روڈکو سوہدرہ پکی گڈھی کا مقام اور ہیڈ مرالہ سےجلال پور جٹاں اور گجرات جانیوالی روڑ کو بھی ٹریفک کے لئے کھول دیا گیا ہے۔