منگل, فروری 25, 2025
اشتہار

اسلام آباد احتجاج: بانی پی ٹی آئی، بشریٰ اور گنڈاپور سمیت دیگر کیخلاف 8 مقدمات درج

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: اسلام آباد میں احتجاج کرنے والے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکن اور رہنماؤں کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے۔

اڈیالہ جیل میں قید بانی پی ٹی آئی، سابق خاتون اوّل بشریٰ بی بی اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور سمیت دیگر کے خلاف 8 مقدمات درج کیے گئے، مقدمات میں سلمان اکرم راجہ، شیخ وقاص اکرم، مقامی قیادت سمیت ہزاروں نامعلوم افراد بھی نامزد ہیں۔

تھانہ شہزاد ٹاؤن، سہالہ، بنی گالہ، کھنہ، شمس کالونی، ترنول، نون اور نیلور میں درج مقدمے میں انسداد دہشتگردی، اسمبلی ایکٹ، پولیس پر حملوں و اغوا، کار سرکار میں مداخلت اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی کی دفعات شامل ہیں۔

پی ٹی آئی نے اپنے بانی کی فائنل کال پر 24 نومبر کو اسلام آباد کی طرف مارچ شروع کیا تھا جبکہ حکومت نے مظاہرین کو روکنے کیلیے راستوں میں رکاوٹیں کھڑی کیں تاہم مظاہرین تمام رکاوٹوں کو عبور کرتے ہوئے بلیو ایریا پہنچے جہاں گزشتہ رات قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ان کے خلاف گرینڈ آپریشن شروع کیا۔

پولیس اور رینجرز کی جانب سے بلیو ایریا کو پی ٹی آئی مظاہرین سے خالی کروایا گیا اور مظاہرین گھروں کو لوٹنا شروع ہوگئے تھے۔

اس سے قبل پی ٹی آئی کے کارکنوں کی اسلام آباد کے ریڈ زون میں پولیس سے جھڑپیں ہوئی تھیں اور پکڑ دھکڑ اور آنکھ مچولی جاری رہی تھی۔

اے آر وائی نیوز کے نمائندے نے آنکھوں دیکھا حال بیان کرتے ہوئے بتایا تھا کہ گرینڈ آپریشن سے قبل کارکنان کے ہمراہ بشریٰ بی بی اور علی امین گنڈاپور کے علاوہ پی ٹی آئی کا کوئی رہنما موجود نہیں تھا جو ان کی رہنمائی کر سکے۔

پی ٹی آئی کارکنان بھی اس بات پر برہم دکھائی دیے تھے کیونکہ ان کو آگے بڑھنے کیلیے ہدایات نہیں مل رہی تھیں، تاہم شام سات بجے کے بعد اچانک اسٹریٹ لائٹیں بند اور فائرنگ کی آوازیں آنا شروع ہوگئیں تو کارکنان بھی واپس لوٹنا شروع ہوگئے۔

نمائندے کے مطابق جس وقت پولیس کی جانب سے ایکشن لیا گیا اس وقت بشریٰ بی بی کا قافلہ آپریشن کے مقام سے بہت پہلے موجود تھا اور ایکشن کے بعد مزید پیچھے چلا گیا۔ اس موقع پر کچھ کارکنان کا کہنا تھا کہ ہم واپس جا رہے ہیں کچھ نے کہا کہ ہم گاڑیوں کو سائیڈ پر کھڑی کر رہے ہیں کیونکہ انہیں کسی قسم کی کوئی ہدایات نہیں دی گئیں۔

اسلام آباد کے علاقے بلیو ایریا میں پی ٹی آئی مظاہرین کے خلاف کیے جانے والے گرینڈ آپریشن کو کامیابی سے مکمل کرلیا گیا تھا۔ آپریشن میں ڈیڑھ ہزار کے قریب پنجاب اور اسلام آباد پولیس اہلکار اور رینجرز اہلکاروں نے حصہ لیا۔

اہم ترین

مزید خبریں