پاکستان تحریک انصاف کے حالیہ احتجاج میں پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں پر راولپنڈی ڈویژن میں کتنے مقدمات درج ہیں ان کی تفصیلات سامنے آ گئیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پی ٹی آئی کارکنوں کے خلاف راولپنڈی ڈویژن میں مجموعی طور پر 29 مقدمات درج ہیں اور یہ مقدمات 24 سے 27 نومبر کے درمیان درج ہوئے ہیں۔
سب سے زیادہ مقدمات حسان ابدال تھانے میں درج ہوئے جن کی تعداد 7 ہے۔ تھانہ حضرو میں 4 جب کہ تھانہ واہ کینٹ اور صادق آباد میں دو، دو مقدمات درج ہوئے ہیں۔
تھانہ ٹیکسلا اور فتح جنگ میں بھی پی ٹی آئی کارکنوں کے خلاف دو، دو مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ تھانہ دھمیال، تھانہ نیو ٹاؤن، تھانہ ایئرپورٹ میں ایک، ایک مقدمات درج کیا گیا ہے۔
ان مقدمات میں بانی پی ٹی آئی عمران خان، ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی، بہن علیمہ خان، سابق صدر پاکستان عارف علوی، سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، سابق وفاقی وزیر حماد اظہر سمیت دیگر نامزد ہیں۔
ان مقدمات میں دہشت گردی اور اقدام قتل سمیت دیگر دفعات شامل کی گئیں۔ ملزمان پر توڑ پھوڑ، جلاؤ گھیراؤ، ہنگامہ آرائی، پولیس اہلکاروں پر حملوں اور راستے بند کرنے کے الزامات ہیں۔