ٹرمپ نے مساد بولوس کو عرب اور مشرق وسطیٰ کے امور کا مشیر بنانے کا اعلان کر دیا۔
امریکا کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ لبنانی امریکی تاجر مساد بولوس سینئر مشیر کے طور پر کام کریں گے۔
ٹرمپ کی انتخابی مہم کے دوران بولوس نے کئی بار عرب امریکی اور مسلم رہنماؤں سے ملاقات کی۔ بولوس ٹرمپ کی بیٹی ٹفنی کے سسر بھی ہیں۔
ٹرمپ نے پوسٹ میں کہا کہ مساد ایک ماہر وکیل اور کاروباری دنیا میں ایک انتہائی قابل احترام رہنما ہیں جو بین الاقوامی منظر نامے پر وسیع تجربہ رکھتے ہیں وہ ریپبلکن اور قدامت پسند اقدار کے ایک طویل عرصے سے حامی رہے ہیں جو میری مہم کا ایک اثاثہ ہے، اور عرب امریکی کمیونٹی کے ساتھ زبردست نئے اتحاد بنانے میں ان کا اہم کردار رہا ہے۔
اس سے قبل ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارتی نژاد کشیپ پٹیل کو ڈائریکٹر ایف بی آئی نامزد کیا۔
نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ کاش پٹیل بہترین وکیل ہیں اور امریکی عوام کے تحفظ کے لیے کام کرتے ہیں اور سب سے پہلے امریکا پر یقین رکھتے ہیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق امریکی سینیٹ کشیب پٹیل کی بطور ایف بی آئی ڈائریکٹر کی توثیق کرے گی، کشیپ پٹیل ٹرمپ کے قریبی افراد میں متنازعہ اور خود نمائی کے شوقین ہیں۔
امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ ٹرمپ نے اپنے سمدھی چارلس کشنر کو فرانس میں امریکا کا سفیر نامزد کردیا ہے، انہوں نے گزشتہ مدت صدارت میں چارلس کشنر کو جرائم پر دی گئی سزا معاف کی تھی۔