جمعرات, جنوری 23, 2025
اشتہار

شام :‌ مخالف گروپ پر روس اور شامی فوجی طیاروں کی شدید بمباری

اشتہار

حیرت انگیز

عمان : روسی اور شامی فوجی طیاروں نے شمالی شام کے  مخالف گروپ کے زیرِ قبضہ شہر ادلب پر بمباری کی، جس میں 7 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق شام کے صدر بشار الاسد نے گزشتہ روز حلب شہر میں مخالفین کے قبضے کے بعد ان کے خلاف بھرپور طاقت کے استعمال کا عزم کا اظہار کیا تھا۔

بشار الاسد کا کہنا تھا کہ اپوزیشن اور ان کے حامیوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا، ملکی استحکام اور علاقائی سالمیت کا بھرپور دفاع کریں گے۔

- Advertisement -

شام کے سرکاری میڈیا پر شائع ہونے والے بیان میں بشار الاسد نے کہا کہ مخالفین صرف طاقت کی زبان سمجھتے ہیں اور ہم انہیں یہی زبان استعمال کرتے ہوئے کچل دیں گے۔

خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مقامی رہائشیوں نے بتایا کہ ایک حملہ ادلب کے مرکز میں ایک گنجان آباد رہائشی علاقے پر ہوا، جو ترکی کی سرحد کے قریب باغیوں کے علاقے کا سب سے بڑا شہر ہے، جہاں تقریباً چار ملین لوگ عارضی خیموں اور رہائش گاہوں میں زندگی گزار رہے ہیں۔

ریسکیو حکام کے مطابق کارروائی میں کم از کم 7 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے۔ شامی فوج اور اس کے اتحادی روس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ وہ عام شہریوں پر حملے کے بجائے صرف مخالفین کے ٹھکانوں کو نشانہ بناتے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز شامی فوج نے ایک بیان میں تصدیق کی ہے کہ ملک کے شمال مغربی علاقے میں مخالفین کے حملے میں درجنوں فوجی ہلاک ہوئے ہیں جبکہ مسلح گروپ حلب شہر میں داخل ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔

تازہ ترین اطلاعات کے مطابق حلب شہر میں اتوار کے روز زیادہ تر گلیاں سنسان تھیں اور بازار بند تھے کیونکہ خوفزدہ شہری اپنے گھروں میں رہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق مختلف علاقوں سے شہریوں کا انخلا جاری تھا۔

مسلح افراد اپوزیشن جماعت کے جھنڈے لہراتے ہوئے شہر میں گشت کرتے دکھائی دیے ایک رہائشی یوسف خطیب نے بتایا کہ کچھ اسلحہ بردار لوگ گلیوں اور چوراہوں پر تعینات کیے گئے ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں

StatCounter - Free Web Tracker and Counter