کراچی : شہر قائد میں دسمبر کے ساتھ ساتھ سردی کی بھی انٹری ہوگئی اور درجہ حرارت 18 ڈگری سے نیچے آگیا۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں داخل ہونے والے مغربی ہواؤں کے اثرات کراچی پرنمودار ہونا شروع ہوگئے ہیں، کراچی میں رات کے وقت خنکی بڑھ گئی ہے، کم سے کم پارہ گذشتہ روز کے مقابلے میں 2.7 ڈگری گر گیا، جو 17.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ دن بھر زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت اکتیس ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے دسمبر کے پہلے ہفتے سے شہر میں سردی کی نوید سناتے ہوئے کہا پانچ دسمبر سے یخ بستہ ہواؤں کے سبب صبح اور رات کے درجہ حرارت میں دو سے تین ڈگری کی کمی متوقع ہے۔
دوسری جانب ملک کے مختلف علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے، اسکردو میں پارہ منفی چھ اور گلگت میں درجہ حرارت ایک ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔
شمال مشرقی بلوچستان،بالائی خیبرپختونخوا،گلگت بلتستان،کشمیر میں آج تیزہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پربرفباری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹےکے دوران قلات، خضدار، قلعہ عبداللہ،ڈیرہ بگٹی، نصیرآباد،جھل مگسی، ژوب میں بارش،پہاڑوں پربرفباری کی پیشگوئی کی ہے جبکہ کوہستان، چترال ، دیر، سوات، مالاکنڈ اور مانسہرہ میں بھی کہیں بارش کہیں برفباری کا امکان ہے۔
شدید برف باری کی وجہ سے شاہراہ کاغان کو ناران جانے والے سیاحوں کے لیے بند کردیا گیا ہے، ناران اور دیگر بالائی علاقوں میں ہوٹل بند کردیے گئے ہیں۔