کویت سٹی: کویت میں جی سی سی اجلاس نے نیتن یاہو کے وارنٹ گرفتاری کا خیر مقدم کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے رہنماؤں نے اتوار کو کویت میں اجلاس کے بعد اعلامیے میں غزہ کی پٹی میں فوری اور مستقل جنگ بندی کے مطالبات کا اعادہ کیا۔
انھوں نے آئی سی سی کی جانب سے اسرائیل کے نیتن یاہو اور سابق وزیر دفاع یوو گیلنٹ کے وارنٹ گرفتاری کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ وہ اسرائیل کی اس وضاحت کو مسترد کرتے ہیں کہ غزہ کی پٹی میں جارحیت اسرائیل کا دفاع ہے۔
جی سی سی رہنماؤں نے اسرائیلی قابض افواج کی طرف سے نسل کشی اور غزہ کی پٹی میں کیے جانے والے افسوس ناک اور ہول ناک جرائم کی بھی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی، جن میں شہریوں کا قتل، تشدد، ماوراے عدالت سزاے موت، جبری گمشدگی، جبری بے گھری، اور لوٹ مار شامل ہیں۔
اسرائیل نے مساجد میں اذان پر پابندی لگا دی
واضح رہے کہ غزہ میں 44 ہزار سے زائد فلسطینیون کا قتلِ عام کرنے کے باوجود صہیونی فوج کی بربریت کا نہ رکنے والا سلسلہ جاری ہے، اسرائیلی فوج کے شمالی اور جنوبی غزہ کے متعدد علاقوں میں حملوں کے نتیجے میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں مزید 47 فلسطینی شہید ہو گئے۔
جنین میں صہیونی فوج کی فائرنگ سے چار فلسطینی شہید اور درجنوں کو گرفتار کیا گیا، فلسطینی وزارتِ صحت نے جبالیہ پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی بمباری سے بڑے پیمانے پر جانی نقصان کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔