لندن: برطانیہ نے غزہ کے لیے 24 ملین ڈالر کی امداد کا اعلان کر دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانیہ نے آج پیر کو، مصر میں انسانی ہمدردی کی کانفرنس سے قبل غزہ کے لیے 19 ملین پاؤنڈ (24 ملین ڈالر) کی فنڈنگ فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے۔
برطانیہ کی جانب سے کانفرنس میں شرکت کرنے والی بین الاقوامی ترقی کی برطانوی وزیر اینیلیز ڈوڈز نے غزہ کی صورت حال کو ’تباہ کن‘ قرار دیتے ہوئے اسرائیل پر زور دیا کہ وہ غزہ تک بلا تعطل امداد کی رسائی کو یقینی بنائے۔
انھوں نے مزید کہا کہ غزہ کے باشندوں کو سردیوں کے آغاز کے ساتھ ہی خوراک، اور پناہ گاہ کی اشد ضرورت ہے، میں اسرائیل اور مقبوضہ فلسطینی سرزمین دونوں میں ہم منصبوں سے ملاقات کروں گی، تاکہ رکاوٹوں کو دور کرنے، جنگ بندی کرنے، اور یرغمالیوں کی رہائی کے ساتھ ساتھ اس تنازعے کا دیرپا حل تلاش کیا جا سکے۔
واضح رہے کہ مصر غزہ کے لیے امداد بڑھانے سے متعلق ایک کانفرنس کی میزبانی کر رہا ہے، ’’غزہ کی پٹی پر انسانی ہمدردی کے ردعمل‘‘ کو بڑھانے کے بارے میں وزارتی کانفرنس آج قاہرہ میں شروع ہونے والی ہے۔
نیتن یاہو ہمیں خاموش نہیں کر سکتے، اسرائیلی اخبار ہاریٹز کا جوابی رد عمل
مصری میڈیا کے مطابق اقوام متحدہ کی ڈپٹی سیکریٹری جنرل آمنہ جے محمد اور مشرق وسطیٰ اور دیگر ممالک کے وزرا کی اجلاس میں شرکت متوقع ہے۔ احرام آن لائن اخبار نے رپورٹ کیا کہ اس تقریب میں غزہ کی صورت حال کے سیاسی، سیکیورٹی اور انسانی ہمدردی کے پہلوؤں پر بات کی جائے گی۔