حافظ حمد اللہ کہتے ہیں کہ بانی پی ٹی آئی سے بیک ڈور معاملات چل رہے ہیں، بانی پی ٹی آئی کا معاملہ 9 مئی پر اٹکا ہوا ہے۔
اے آر وائی نیوز سے بات کرتے ہوئے جے یو آئی ف کے مرکزی رہنما حافظ حمد اللہ نے دعویٰ کیا کہ تحریک انصاف کے بانی سے بیک ڈور معاملات چل رہے ہیں، تاہم پاکستان کے سابق وزیراعظم ملک سے باہر جانے کے لیے تیار نہیں ہیں۔
رہنما جے یو آئی نے کہا کہیہ ناممکن نہیں ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے کوئی بریک تھرو ہوجائے، بانی پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ 9 مئی کیا ہی نہیں تو معافی کیسی؟
انھوں نے کہا کہ حکومت کا مدت پوری کرنا ملک کے لیے تباہی ہوگا، یہ پارلیمنٹ بھی ربڑ اسٹیمپ ہے کنٹرول ایبل ہے، اس لیے یہ حکومت مدت پوری کرلے تو یہ پاکستان کے لیے تباہی اور بربادی کا سامان تو ہوسکتا ہے۔
حافظ حمد اللہ کا مزید کہنا تھا کہ جے یو آئی فوجی عدالتوں کے حق میں نہیں ہے، سب لوگ مولانا کے پاس حلوہ لینے نہیں جاتے۔