چیمپئنز ٹرافی 2025 کے معاملے پر سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے بھی دو ٹوک بیان دے دیا۔
چیمپئنز ٹرافی 2025 کے نئے فارمولے پر بھی بھارت کا اعتراض سامنے آگیا، گیند اب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے کورٹ میں ہے۔
بھارت نئے فارمولے پر بھی راضی نہیں ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے پیش کیے گئے نئے فارمولے میں تجویز پیش کی گئی تھی کہ بھارتی ٹیم پاکستان نہ آئی تو اب گرین شرٹس بھی پڑوسی ملک نہیں جائیں گے۔
اس تجویز کو بھارتی حکام نے فی الحال رد کردیا ہے اور وہ اس بات پر راضی نہیں کہ بھارت کے نہ آنے پر پاکستانی ٹیم بھی آئی سی سی ایونٹس کے لیے وہاں نہ جائے۔
تاہم شعیب اختر کا اس معاملے پر کہنا ہے کہ آپ کو میزبانی کے حقوق اور آمدنی مل رہی ہے اور یہ ٹھیک ہے، ہم سب سمجھتے ہیں پاکستان کا موقف بھی معقول ہے انہیں مضبوط پوزیشن برقرار رکھنی چاہیے، کیوں نہیں؟ ایک بار جب ہم اپنے ملک میں میزبانی کرنے قابل ہوں اور وہ آنے کو تیار نہیں تو انہیں ہمارے ساتھ زیادہ شرح پر آمدنی کا اشتراک کرنا چاہیے۔
انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ ہوم گراؤنڈ پر روایتی حریف بھارت کو شکست دیتے ہوئے دیکھنا چاہتے ہیں۔
سابق فاسٹ بولر نے کہا کہ مستقبل میں بھارت میں کھیلنے کے معاملے پر ہمیں دوستی کا ہاتھ بڑھانا چاہیے اور وہاں جانا چاہیے، میرا ہمیشہ سے یہ موقف رہا ہے کہ بھارت جاکر وہاں انہیں ہرانا، انڈیا میں کھیلیں اور انہیں ان کے گراؤنڈ پر شکست دیں۔