ہماچل پردیش : طالبہ کو فحش میسجز بھیجنے والے اسکول ٹیچر کو عبرتناک سزا مل گئی، طالبہ کے اہل خانہ نے ٹیچر کی درگت بنا ڈالی۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ہمیرپور ہماچل پردیش میں سرکاری اسکول ٹیچر مکیش چورسیا نے موبائل فون پر نویں جماعت کی ایک طالبہ کو غیر اخلاقی پیغامات بھیجے۔
طالبہ نے گھر جاکر والدین سے اس بات کی شکایت کی، جس پر اس کے اہل خانہ نے ٹیچر کو سبق سکھانے کا فیصلہ کیا۔
طالبہ کے اہل خانہ اور دیگر افراد نے اسکول جاکر پہلے تو مذکورہ ٹیچر مکیش چورسیا سے سخت باز پرس کی اور اسکول ٹیچر پر جوتوں اور تھپڑوں کی بارش کردی۔
ٹیچر کی درگت بنانے کے بعد طالبہ کے اہل خانہ نے پولیس کو اسکول ٹیچر کی کارروائیوں سے آگاہ کیا جس کے بعد مقدمہ درج کرلیا گیا۔
واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جسے مختلف پلیٹ فارمز پر ہزاروں صارفین نے دیکھا اور اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کمنٹس میں اسکول ٹیچر کو بُرا بھلا کہا۔
شیئر کی گئی ویڈیو میں ٹیچر کو ایک طالبہ اور اس کے اہل خانہ کی جانب سے چپلوں سے بے دردی سے پیٹتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔