چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے قومی بلائنڈ ٹیم کو ٹی 20 ورلڈ کپ جیتنے پر مبارک باد پیش کی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق چوتھے ٹی 20 بلائنڈ ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور فائنل میں بنگلہ دیش کو 10 وکٹوں سے با آسانی زیر کرتے ہوئے نیا چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔
اس شاندار کارکردگی پر چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے بلائنڈ قومی ٹیم کو مبارکباد پیش کی ہے اور اپنے تہنیتی پیغام میں کہا ہے کہ بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹی 20 ورلڈ چیمپئن کا اعزاز حاصل کیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ فائنل میں کپتان نثار علی اور محمد صفدر نے بہترین بیٹنگ کی۔ اس جیت پر ٹیم منیجمنٹ کو بھی مبارک باد پیش کرتا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ کے ہر میچ میں کھلاڑیوں نے بہترین ٹیم ورک کا مظاہرہ کیا۔ امید ہے کہ بلائنڈ ٹیم مستقبل میں بھی اسی جذبے کے ساتھ کھیلے گی اور مزید کامیابیاں حاصل کرے گی۔