واٹس ایپ دنیا بھر میں رابطوں کے لیے سب سے مقبول پلیٹ فارم ہے مگر اب یہ کچھ اقسام کے موبائل فون پر نہیں چل سکے گی۔
دنیا بھر میں رابطوں کے لیے لوگوں کی اکثریت واٹس ایپ کا استعمال کرتی ہے جس کا استعمال آسان اور انتہائی سستا ہے۔ تاہم اب واٹس ایپ اب چند اسمارٹ فونز سے اپنا رابطہ توڑ رہا ہے اور وہ ان موبائل فون پر نہیں چل سکے گا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق واٹس ایپ نے اعلان کیا ہے کہ وہ جلد ہی پرانے آئی او ایس ورژنز اور آئی فون کے متعدد ماڈلز بشمول آئی فون 5 ایس، آئی فون 6 اور آئی فون 6 پلس کے لیے سپورٹ بند کر دے گا۔
واٹس ایپ کی جانب سے یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پیغام رسانی کا پلیٹ فارم صارف کے تجربے کو بڑھانے کے لیے جدید ترین تکنیکی ترقیوں کے ساتھ اپ ڈیٹ اور ہم آہنگ ہوتا جا رہا ہے۔
فی الحال واٹس ایپ iOS 12 اور اس سے نئے ورژن چلانے والے آلات کو سپورٹ کرتا ہے۔ تاہم آئندہ برس 5 مئی 2025 سے یہ پلیٹ فارم 15.1 سے پرانے iOS ورژن کو سپورٹ کرنا بند کر دے گا۔
واٹس ایپ کے اس فیصلے کا مقصد اپنی ایپ کی کارکردگی کو بڑھانا، اختراعی خصوصیات کو رول آؤٹ کرنا اور اپنے صارفین کے لیے پیغام رسانی کا اعلیٰ تجربہ فراہم کرنا ہے۔
واٹس کی سروس بلاتعطل جاری رکھنے کیلیے مذکورہ فونز کے صارفین کیا کریں؟
ایسے صارفین جو مذکورہ بالا فونز استعمال کرتے ہیں۔ انہیں اپنے آلات کو iOS 15.1 یا اس سے نئے ورژن پر اپ ڈیٹ کرنا ہوگا۔ وہ لوگ جو آئی فون 5s اور آئی فون 6 جیسے آلات استعمال کرتے ہیں جو iOS 15.1 کے ساتھ مطابقت نہیں رکھتے ہیں انہیں آئی فون کے نئے ماڈل میں اپ گریڈ کرنے کی ضرورت ہوگی۔
آئی فون اپ ڈیٹ کرنے کا طریقہ:
1. سب سے پہلے سیٹنگ ایپ کو کھولیں۔
2. جنرل آپشن پر جائیں اور پھر سافٹ ویئر اپ ڈیٹ پر کلک کریں۔
3. آپ کی فون اسکرین پر ہدایات آئیں گی جن پر عمل کرتے ہوئے اپنے آئی فون کو اپ ڈیٹ کر لیں۔
اپ ڈیٹ کا اطلاق معیاری واٹس ایپ اور واٹس ایپ بزنس دونوں پر ہوگا، کیونکہ دونوں ہی سسٹم کی ضروریات کا اشتراک کرتے ہیں۔ اینڈرائیڈ صارفین اس تبدیلی سے متاثر نہیں ہوں گے، کیونکہ یہ iOS آلات کے لیے مخصوص ہے۔