کراچی: قومی ایئر لائن (پی آئی اے) نے سال نو 2025 پر پاکستان آنے والوں کو ٹکٹس پر رعایت دینے کا اعلان کر دیا۔
پی آئی اے کے ترجمان نے اپنے بیان میں بتایا کہ سال 2025 کی آمد پر کینیڈا سے آنے والی پروازوں پر رعایت دینے کا فیصلہ کیا ہے، ان پروازوں پر خصوصی طور پر 10 فیصد رعایت دی جائے گی۔
ترجمان نے بتایا کہ ٹکٹ بکنگ 10 دسمبر تک کی جا سکتی ہے جبکہ خریدے گئے رعائتی ٹکٹ پر کینیڈا سے پاکستان سفر 11 جنوری سے 20 مارچ 2025 تک کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ پی آئی اے انتظامیہ کا کینیڈا میں رہنے والے ہم وطنوں کیلیے نئے سال کا تحفہ ہے۔
یورپ کیلیے پروازوں پر پابندی ختم
چند روز قبل یورپی ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی نے پی آئی اے فلائٹ آپریشن پر عائد پابندی اٹھانے کا اعلان کیا تھا۔
وزیر دفاع و ہوا بازی خواجہ آصف نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو میں بتایا تھا کہ پی آئی اے پر پابندی کے خاتمے میں سول ایوی ایشن نے بہت محنت کی، یہ کامیابی وزارت ہوا بازی کی انتھک محنت کی وجہ سے ممکن ہوئی۔
خواجہ آصف نے کہا تھا کہ یورپ کیلیے پروازوں پر پابندی ختم کر دی گئی ہے، پابندی اٹھنے سے قومی ایئر لائن کے نجکاری کے عمل میں آسانی ہوگی، آج پاکستان کیلیے اہم دن ہے بڑی خوشخبری آئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کی دیگر پروازوں سے ریٹنگ بہتر ہوئی ہے، امید ہے ایئر لائن سے برطانیہ اور دیگر ممالک کی جانب سے عائد پابندی ہٹ جائے گی۔
’4 سال پہلے ایئر لائن کی تباہی کر دی گئی تھی وزیر اعظم شہباز شریف نے محنت کی۔ انشااللہ پاکستان دوبارہ ایوی ایشن انڈسٹری میں مقام حاصل کرے گا۔ پی ٹی آئی دور حکومت میں ایک وزیر نے بیان دیا تھا جس کی وجہ سے ایئر لائن پر پابندی لگی تھی۔‘
خواجہ آصف کا مزید کہنا تھا کہ ایئر بلیو کو بھی یورپ کیلیے فلائٹ آپریشن کی اجازت مل گئی ہے، پی ٹی آئی دور حکومت میں پابندی لگی ہمیں محنت کرتے ہوئے 4 سال لگے اب کامیابی ملی، ایئر لائن کا یورپ کیلیے آپریشن جلد بحال ہو جائے گا۔