کراچی : انڈس اسپتال کی نئی ایمرجنسی عمارت کا افتتاح کردیا گیا، افتتاحی تقریب میں وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو اور دیگر نے خصوصی شرکت کی۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کورنگی کراسنگ کے مقام پر قائم انڈس اسپتال کراچی نے صحت کے شعبے میں ایک اور اہم سنگ میل عبور کرلیا۔
انڈس اسپتال کورنگی کیمپس میں جدید ترین ایمرجنسی سہولت کا وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے افتتاح کیا۔
اسپتال کی نئی ایمرجنسی کی عمارت میں آنے والے تمام مریضوں کو عالمی معیار کی طبی سہولیات حاصل ہوں گی۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو کا کہنا تھا کہ انڈس اسپتال ملک کے محروم طبقے کو بلاتفریق رنگ و نسل عالمی معیار کی صحت کی سہولیات فراہم کررہا ہے۔
صوبائی وزیر صحت کا کہنا تھا کہ پولیو پر قابو پانے کی کوشش کی جا رہی ہے پولیو کے خاتمے کے لیے بھرپور مہم بھی چلائی جا رہی ہے امید ہے اس پر جلد قابو پالیں گے۔
صوبائی وزیر صحت نے سندھ میں سرکاری اسپتالوں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک بھر سے لوگ سندھ کے سرکاری اسپتالوں میں علاج کروانے آتے ہیں۔