گروگرام : بھارت کے مشہور شہر گروگرام میں کروڑوں روپے مالیت میں گھر خریدنے کے باوجود ان فلیٹوں کے رہائشی بنیادی سہولیات سے بھی محروم ہیں۔
بھارت کی ریاست ہریانہ کے شہر گروگرام میں ایک فلیٹ کی قیمت 4 کروڑ روپے (پاکستانی 13کروڑ)سے زائد ادا کرنے کے باوجود مکینوں کو سہولیات کچی آبادی سے بھی بدتر فراہم کی جاتی ہیں۔
شہر میں جائیداد کی بڑھتی ہوئی خرید و فروخت کے پیش نظر مقامی ضلعی انتظامیہ نے سرکل ریٹس (پراپرٹی رجسٹریشن فیس) میں10 فیصد سے30 فیصد تک اضافہ کردیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نئے سرکل ریٹ یکم دسمبر سے نافذ العمل ہوچکے ہیں جو کم از کم 31 مارچ تک لاگو رہیں گے۔ گالف کورس روڈ جیسے پرتعیش رہائشی علاقوں میں یہ سرکل ریٹس 30 فیصد تک بڑھنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب جائیداد کی قیمتوں میں ہونے والے اضافے کی باوجود سہولیات کی عدم فراہمی کے باعث مکین غم و غصے کا اظہار کررہے ہیں، انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ انتظامیہ کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کو بھی بہتر بنانا چاہیے۔
گروگرام مالیاتی و ٹیکنالوجی اداروں کا مرکز ہونے کی وجہ سے جانا جاتا ہے، اس کے علاوہ یہ ملیینیئم سٹی کے نام سے بھی مشہور ہے یہاں پر کئی آئی ٹی کمپنیاں واقع ہیں۔
اس علاقے میں ہر سال شدید طوفانی بارشوں کا سامنا کرتا ہے جس کے بعد اکثر رہائشی علاقوں میں زیادہ پانی بھر جانے سے سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہوجاتی ہے۔
جن لوگوں نے اپنے گھر کیلئے تقریباً 4 کروڑ روپے خرچ کیے ہوں وہ بارش کے بعد اوور فلو ہوتی ہوئی نکاسی آب، بند نالے اور آگ سے بچاؤ کے ناکافی انتظامات سے پریشان دکھائی دیتے ہیں۔