جمعرات, دسمبر 5, 2024
اشتہار

پی ٹی آئی کی قیادت بانی سے مخلص نہیں، شرجیل میمن

اشتہار

حیرت انگیز

سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے دوسرے درجے کی قیادت اپنے ہی پارٹی کے بانی سے مخلص نہیں ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے دوسرے درجے کی قیادت پارٹی بانی عمران خان سے مخلص نہیں ہے۔ یہ قیادت چاہتی ہے کہ عمران خان جیل میں رہیں کیونکہ ان کی دکانیں اسی سے چلنی ہیں۔

شرجیل میمن نے کہا کہ پی ٹی آئی کا ہدف کوئی ادارہ یا سیاسی جماعت نہیں بلکہ پاکستان ہے۔ جو اسکرپٹ لکھا گیا ہے یہ پاکستان کو بدنام کرنے کی عالمی سازش کاحصہ ہے۔ پاکستان کو کمزور کرنے کیلیے اربوں روپے لابسٹ کو دیے گئے ہیں۔ گولڈ اسمتھ فیملی نے دنیا بھر میں پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کی ہے۔

- Advertisement -

سندھ کے وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی سوشل میڈیا کے ذریعے جھوٹا پروپیگنڈا کرتی ہے جس کا مقصد ملک میں انتشار پھیلانا ہے۔ انہوں نے آئی ایم ایف کو پاکستان کی امداد بند کرنے کے لیے خط لکھے۔ اگر آئی ایم ایف قرض بند ہوتا تو ملک دیوالیہ ہو جاتا۔

ان کا کہنا تھا کہ جب بھی معاشی صورتحال بہترہوتی ہے، پی ٹی آئی ایک نئی سازش کے ساتھ سامنے آتی ہے۔ جب بھی پاکستان میں عالمی رہنما آ رہے ہوتے ہیں، تو یہ لوگ ایسا ہی کرتے ہیں۔

شرجیل میمن نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی فائنل کال میں کراچی، پنجاب، بلوچستان سے کوئی قافلہ اسلام آباد نہیں گیا۔ یہ پیسے اور کھانے کا جھانسہ دے کر کے پی سے لوگ ساتھ لائے۔ جب حکومت نے سختی شروع کی تو سب سے پہلے بڑی بڑی باتیں کرنے والے گنڈاپور میدان چھوڑ کر بھاگے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ علی امین نے اسمبلی میں کہا کہ ہمارے پاس ہتھیار ہیں اور ہم لڑیں گے۔ ان کا یہ بیان ریاست سے بغاوت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پانی کے تنازع پر وزیر اعلیٰ سندھ اور پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو نے واضح موقف اپنایا اور کینال پر پیپلز پارٹی کا موقف اٹل ہے۔

شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت صحت، ٹرانسپورٹ اور دیگر شعبوں میں کام کر رہی ہے۔ 10 ہزار نوجوانوں کو آئی ٹی کے کورسز کروا رہی ہے۔ کراچی میں بھی اربوں روپے کے دو میگا پراجیکٹ جاری ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں