جمعرات, جنوری 23, 2025
اشتہار

کالجز کے طلبہ کے لیے خوشخبری، طلبہ پروگرامز کے لیے فنڈ مقرر

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: سندھ حکومت نے صوبے کے ہر کالج میں طلبہ پروگرامز اور نمائشوں کے لیے 5 لاکھ روپے مختص کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ کی زیر صدارت محکمہ کالج ایجوکیشن کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سیکریٹری کالجز، سیکریٹری سروسز، اور خزانہ سمیت محکمہ کالجز کے تمام افسران شریک ہوئے۔

چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے بتایا کہ طلبہ کی حوصلے افزائی کے لیے یہ فنڈ تمام پرنسپلز کو دیے جائیں گے، سیکریٹری کالجز نے آگاہی دی کہ سندھ پبلک سروس کمیشن کے ذریعے 1650 لیکچررز کی سفارشات موصول ہوئی ہیں، جس پر چیف سیکریٹری سندھ نے تمام اُمیدواروں کو فوری آفر آرڈرز جاری کرنے کی ہدایت کی۔

- Advertisement -

محکمہ کالج ایجوکیشن نے بتایا کہ صوبے کے 43 کالجوں میں بی ایس پروگرامز کا آغاز کیا گیا ہے، 17 کالجوں کی یونیورسٹی سے الحاق کی منظوری دی گئی ہے۔

چیف سیکریٹری سندھ نے کہا 30 کالجوں میں سائنس لیبارٹریز کی اپ گریڈیشن جب کہ 20 میں جدید لائبریریاں قائم کی جائیں گی، 50 کالجوں میں اسمارٹ کلاس رومز اور آئی ٹی سہولیات کے قیام کے لیے 1.5 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، صوبے کے ہر کالج میں 5 کمپیوٹر فراہم کیے جائیں گے۔

چیف سیکریٹری سندھ نے محکمہ کالج کو کیریئر کاؤنسلنگ وِنگ بنانے کی ہدایت کی اور کہا کیریئر کاؤنسلنگ ونگ کے تحت کالجز میں ورکشاپ اور سیمینارز منعقد کیے جائیں، اس اقدام کا مقصد طلبہ کو ابھرتی ہوئی فیلڈز اور اعلیٰ یونیورسٹیوں میں داخلے کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنا ہے، طلبہ کو تعلیمی کیریئر کے انتخاب میں بہتر رہنمائی مل سکے گی۔

اجلاس میں گورنمنٹ کالج آف ایجوکیشن، فیڈرل بی ایریا کو ڈگری دینے والا کالج بنانے کی بھی منظوری دی گئی، نیز چیف سیکریٹری نے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور شفافیت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

اہم ترین

انور خان
انور خان
انور خان اے آر وائی نیوز کراچی کے لیے صحت، تعلیم اور شہری مسائل پر مبنی خبریں دیتے ہیں

مزید خبریں