پاکستانی نوجوان اسپنر سفیان مقیم نے زمبابوے کے خلاف میچ میں صرف عمر گل ہی نہیں بلکہ سعید اجمل کا ریکارڈ بھی توڑ دیا ہے۔
زمبابوے کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کے نوجوان اسپنر سفیان مقیم نے تین رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کر کے صرف سابق فاسٹ بولر عمر گل کا ہی ریکارڈ نہیں توڑا بلکہ سابق نامور اسپنر سعید اجمل کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
زمبابوے کے خلاف بلاوائیو میں کھیلے گئے دوسرے ٹی 20 میچ میں سفیان مقیم نے 2.4 اوورز میں صرف تین رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔
25 سالہ لیفٹ آرم کا یہ ساتواں ٹی ٹوئنٹی میچ تھا جس میں انہوں نے اپنی حاصل کردہ مجموعی وکٹوں کی تعداد 14 تک پہنچا دی جب کہ سعید اجمل نے 2009 میں اپنے ابتدائی سات میچز کھیل کر 13 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ اس حوالے سے پاکستانی بولرز کی فہرست میں محمد سمیع پہلی پوزیشن پر ہیں۔
دوسری جانب اس میچ کی پرفارمنس کے بعد سفیان مقیم نے فل ممبر ملک کے کسی بھی بولر کی جانب سے کم ترین رنز دیکر 5 وکٹیں لینے والے گیند بازوں کی فہرست میں اپنا نام درج کروایا۔
یہ ریکارڈ اب مشترکہ طور پر سابق سری لنکن سپنر رنگنا ہیراتھ ، افغان لیگ سپنر راشد خان اور سفیان مقیم کے پاس ہے۔ رنگنا ہیراتھ نے ٹی 20 ورلڈ کپ 2016 میں نیوزی لینڈ کیخلاف۔ راشد خان نے 2017 میں آئرلینڈ کیخلاف اور سفیان مقیم نے دو روز قبل زمبابوے کیخلاف دوسرے ٹی 20 میں صرف 3 رنز دیکر 5 وکٹیں لیں۔
بھارتی پیسر بھونیشور کمار 4 رنز کے عوض 5 وکٹیں اور سابق پاکستانی فاسٹ بولر عمر گل 6 رنز کے عوض دو بار پانچ، پانچ وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔