بھارت کے معروف اسٹینڈ اپ کامیڈین سنیل پال نے گھر واپسی کے بعد اغواکاروں کے چونکا دینے والی تفصیلات بتادیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق منگل کو 49 سالہ سنیل پال ایک شو کے لیے ممبئی سے باہر کسی دوسرے شہر گئے تھے، انہوں نے اہلیہ کو بتایا تھا کہ وہ 3 دسمبر کو گھر واپس لوٹیں گے لیکن وہ نہیں پہنچے۔
جس کے بعد سنیل پال کی اہلیہ سریتا نے ممبئی میں شوہر کی گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی تھی، اہلیہ نے بتایا تھا کہ بار بار سنیل سے رابطہ کرنے کے باوجود ان کے نمبر سے جواب نہیں مل رہا، تاہم بدھ کو سنیل پال کی اہلیہ نے انکشاف کیا کہ سنیل بحفاظت گھر واپس آگئے ہیں۔
تاہم اب انہوں نے اپنی گمشدگی سے متعلق چونکا دینے والی تفصیلات مداحوں سے شیئر کی ہے جس میں انہوں نے بتایا کہ انہیں لاکھوں روپے رقم کی خاطر دھوکے سے بلاکر اغوا کیا گیا تھا۔
سنیل پال اغوا کے بعد گھر واپس پہنچ گئے
ایک خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کامیڈین سنیل پال نے بتایا کہ 2 دسمبر کو مجھے ایک شو کے لیے جانا تھا وہ شو ایک پرائیوٹ شو کے نام پر بکنگ ہوئی تھی۔ جب میں وہاں پہنچا تو انہوں نے مجھے اغوا کرلیا اور چہرے پر پٹی باندھ کر مجھے لے گئے اس کے بعد کہا کہ ہمیں آپ سے کچھ نہیں چاہیے ہمیں پیسے دے دو ہم آپ کو چھوڑ دیں گے۔
سنیل نے انکشاف کیا کہ ان کے اغوا کاروں نے رقم ادا کرنے کے بعد مجھے رہا کرنے کا وعدہ کیا تھا انہوں نے مجھ سے پہلے 20 لاکھ روپے مانگے تو میں سمجھ گیا کہ یہ لوگ خطرناک ہیں اور مجھے جانے نہیں دیں گے، بعد میں 10 لاکھ مانگے پھر بات چیت ہوئی اور ساڑھے 7 لاکھ روپے ٹرانسفر کرنے کے بعد ساڑھے 6 بجے مجھے چھوڑ دیا۔
کامیڈین کا کہنا تھا کہ اغوا کاروں نے مجھے دھمکایا مجھے کہا کہ ہم لوگوں کو قتل کر کے ان کی لاشیں نہر میں پھینک دیتے ہیں اس لیے اگر میں چاہتا ہوں کہ میرے سے ایسا نہ ہو تو مجھے 20 لاکھ روپے دینے پڑیں گے۔
کامیڈین نے کہا کہ میں نے اغواکاروں کو کہا کہ میرے پاس 20 لاکھ روپے نہیں، 10 لاکھ تک کی کوشش کرسکتا ہوں جس کے بعد 3، 4 دوستوں سے پیسے منگا کر انہیں ٹرانسفر کیے جس کے بعد اغوا کاروں نے مجھے میرٹھ روڈ پر غازی آباد میٹرو کے قریب چھوڑ دیا، اور گھر واپسی کی پرواز کے ٹکٹ کے لیے 20,000 روپے بھی دیے۔
کامیڈین نے کہا کہ اغواکاروں نے مجھ سے کہا کہ آپ کو چھوڑ دیتے ہیں، ہم نے آپ کا آنا جہاز سے کروایا تھا اس لیے آپ کے جانے کے لیے بھی فلائٹ سے کروائیں گے، یہ 20 ہزار جیب میں رکھیں، ہم یہاں سے 10، 12 منٹ میں نکل جائیں گے اس کے بعد آنکھوں سے پٹی کھولنا، چنانچہ میں نے پٹی کھولی اور دہلی سے ممبئی کی آخری پرواز پکڑ کر یہاں آگیا۔