کراچی : اگلے سال ہونے والے میٹرک اور انٹر کے امتحانات کی تاریخوں کا اعلان کردیا گیا اور بتایا گیا کہ نتائج کب تک جاری ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ تعلیم سندھ کی اسٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا ، جس میں میٹرک اور انٹر کے امتحانات مارچ اور اپریل میں لینے کا فیصلہ کیا گیا۔
جس کے تحت نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات 15مارچ سے جبکہ گیارہویں اور بارہویں جماعت کے امتحانات 15 اپریل سے شروع ہوں گے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ میٹرک کے نتائج 15 جولائی اور انٹر کے15 اگست تک جاری ہوں گے۔
سندھ کے اسکولوں میں تعلیمی سال 2025-2026 یکم اپریل سے شروع ہوگا جبکہ کالجز میں نیا تعلیمی سال یکم اگست 2025 میں شروع ہوگا۔
مزید پڑھیں : اگلے سال میٹرک اورانٹر کا امتحان دینے والے طلبا کے لئے بڑی خبر
سال 2025 میں موسم گرما کی تعطیلات یکم جون سے31جولائی تک ہوں گی اور موسم سرما کی تعطیلات22دسمبر سے31دسمبر تک ہوں گی۔
یاد رہے اس سے قبل نئے گریڈنگ سسٹم کے تحت میٹرک اور انٹر میں 5 گریس مارکس دینے کی منظوری دے دی گئی تھی ، انٹر بورڈ کو آرڈی نیشن کمیشن نے نئے گریڈنگ فارمولے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
اجلاس میں میٹرک اور انٹر کی سطح پر 7گریس مارکس کی سفارش کی تھی تاہم اجلاس کے شرکاکی اکثریت نے 7گریس مارکس کو مسترد کردیا تھا۔
تاہم گریس مارکس زیادہ سے زیادہ 2 مضامین میں مجموعی طور پر دیئے جائیں گے ، تیسرے مضمون میں فیل ہونے کی صورت میں فیصلے کا اطلاق نہیں ہوگا۔