بدھ, فروری 5, 2025
اشتہار

پاکستان شوبز انڈسٹری میں ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کی کوشش کی جاتی ہے: علی ظفر

اشتہار

حیرت انگیز

پاکستان کے معروف گلوکار، اداکار اور پروڈیوسر علی ظفر نے کہا ہے کہ پاکستان کی فلم انڈسٹری کے مقابلے بالی ووڈ اس لیے کامیاب ہے کہ وہاں تمام لوگ اجتماعی سوچ رکھتے ہیں۔

عالمی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار و اداکار علی ضفر نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے پاکستانی شوبز انڈسٹری اور بالی ووڈ انڈسٹری کے لوگوں اور ان کے رویوں پر تبصرہ کیا۔

علی ظفر نے بالی ووڈ کی پیشہ ورانہ سوچ اور اجتماعی نقطہ نظر کی تعریف کی اور اسے پاکستانی انڈسٹری کے لیے ایک نمونہ قرار دیا۔

علی ظفر کا کہنا تھا کہ ’ہمیں بالی ووڈ سے ان کا اجتماعی سوچ کا نظام سیکھنا چاہیے، یہاں ہر شخص اپنی ذاتی سوچ کے تحت کام کر رہا ہے، جو کہ انڈسٹری کی ترقی میں رکاوٹ ہے، کامیاب انڈسٹریز ہمیشہ اپنی غلطیوں سے سیکھتی ہیں اور ٹیم کی صورت میں آگے بڑھتی ہیں۔‘

علی ظفر  نے کہا کہ پاکستانی شوبز انڈسٹری صرف بھارت نہیں بلکہ کسی بھی ملک سے سیکھ سکتی ہے لیکن ہمارے ہاں سیکھنے کا کوئی رجحان ہی نہیں ہے اور کوئی اپنی غلطی کو تسلیم نہیں کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ ہی انڈسٹری یا لوگ کامیاب ہوتے ہیں جو بطور ٹیم کام کرتے ہیں، پاکستان میں ہر کوئی اپنے بارے میں سوچ رہا ہے جو کہ ٹھیک ہے لیکن بعض اوقات ہمارے یہاں ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کی کوشش بھی کی جاتی ہے۔

میزبان نے گلوکار سے سوال کیا کہ وہ پاکستان میں کیا تبدیلی لانا چاہتے ہیں؟ اس بارے میں بات کرتے ہوئے علی ظفر نے کہا کہ ہمارے ہاں عام ذہنیت بہت رجعت پسند ہے، میں پاکستان میں ذہنیت کو بدلنا چاہتا ہوں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں