بدھ, فروری 5, 2025
اشتہار

طالبعلم جاں بحق ہونے کے باوجود پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ کی فائرنگ کے واقعے کی تردید

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: محمد عمار نامی طالبعلم کے جاں بحق ہونے کے باوجود پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ نے جامعہ میں فائرنگ کا واقعہ پیش آنے کی تردید کر دی۔

پنجاب یونیورسٹی میں فائرنگ سے جینڈر اسٹڈی کے طالبعلم محمد عمار کے جاں بحق ہونے کی خبر سامنے آئی جس کے بعد اسلامی جمعیت طلبہ نے وائس چانسلر آفس کے سامنے احتجاج کیا۔

ادھر، ترجمان شیخ زید اسپتال نے بھی تصدیق کی کہ گولیاں لگنے سے ایک طالبعلم محمد عمار جاں بحق ہوگیا ہے۔

تاہم اب پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ کا مؤقف سامنے آیا ہے کہ فائرنگ کا کوئی واقعہ نہیں ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ سی سی ٹی وی چیک کیے لیکن فائرنگ کا کوئی عینی شاہد نہیں ملا۔

انتظامیہ نے بتایا کہ کسی بھی جگہ سے گولی کا شیل یا خون نہیں ملا، طالبعلم یونیورسٹی کے ایڈمن افسر کا بھانجا ہے، کچھ طلبہ انتظامیہ پر جان بوجھ کر الزام تراشی کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ طلبہ تنظیم کے کارکنوں نے ایڈمن بلاک پر حملہ کیا اور شیشے توڑے، انہوں نے کنٹین پر بھی حملہ کر کے توڑ پھوڑ کی، انتظامیہ کسی سے بلیک میل نہیں ہوگی۔

محمد عمار کے جاں بحق ہونے کی خبر کے بعد ترجمان پولیس نے بھی فائرنگ کا واقعہ رپورٹ نہ ہونے کی تصدیق کی تھی۔ پولیس کا کہنا تھا کہ جامعہ میں فائرنگ کا کوئی واقعہ اب تک رپورٹ نہیں ہوا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ مخصوص گروہ جھوٹی خبر پھیلا کر مذموم مقاصد حاصل کرنا چاہتا ہے، یونیورسٹی کی سکیورٹی نے مذکورہ مقام پر جا کر ابتدائی تحقیق کی ہے، مبینہ جگہ پر فائرنگ کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں