سعودی عرب کے دارالحکومت میں شروع ہونے والی جدید سہولتوں سے آراستہ ریاض میٹرو سروس کے مسافروں کو 6 مختلف زبانوں میں رہنمائی مل سکے گی۔
اخبار 24 کے مطابق ریاض رائل کمیشن نے ’میٹرو ریاض ‘ میں مسافروں کی سہولت کے لیے عربی کے علاوہ 6 دیگر زبانوں کے ماہرین کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق مسافروں کو جن زبانوں میں خدمات حاصل ہوں گی ان میں چینی، فرانسیسی، انگلش، جرمن اور عربی کے علاوہ قوت سماعت اور گویائی سے محروم افراد کے لیے اشاروں کی زبان کا بھی استعمال ہوگا۔
انتطامیہ کی جانب سے ریاض میٹرو میں سفر کرنے والوں کی رہنمائی کے لیے اسٹیشنز پر ترجمہ کے ماہرین خدمات فراہم کر رہے ہیں، جو ٹکٹ کے حصول میں مدد کے علاوہ میٹرو کے روٹس کے بارے میں بھی مسافروں کی رہنمائی کر رہے ہیں۔
میٹرو رہنما گائیڈز کے حوالے سے مسافروں کا کہنا تھا کہ یہ بہترین سروس ہے جو انتظامیہ کی جانب سے فراہم کی گئی ہے جس سے کافی سہولت ہو رہی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتہ سعودی فرماں رواں شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ریاض میٹرو پراجیکٹ کا افتتاح کیا تھا۔ یہ جدید میٹرو ٹرین بغیر ڈرائیور کے سروس فراہم کرے گی۔
کل چھ ٹریکس پر مشتمل میٹرو پراجیکٹ کے تین ٹریکس یکم دسمبر سے عوام کے لیے کھول دیے گئے ہیں اور ان کی مجموعی لمبائی 176 کلومیٹر ہے۔ اس کے اسٹیشنز کی کل تعداد 85 ہے، جن میں سے 4 مرکزی اسٹیشنز ہیں۔
ریاض میٹرو میں 6500 سعودی اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے جن میں 50 فیصد خواتین شامل ہیں۔ اس کے اکانومی کلاس کے کرائے 4 ریال سے 140 ریال تک جبکہ فرسٹ کلاس کیلیے 11 ریال سے 250 ریال تک ہوں گے۔